موٹر وہیکلز سرٹیفکیشن سنٹر کے باہر لمبی قطاریں، شہری پریشان
سردی کے موسم میں شہریوں کو گھنٹوں کھلے آسمان تلے انتظار کرنا پڑتا
ٹوبہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)ٹوبہ گوجرہ مین روڈ پر تھانہ صدر کے قریب قائم موٹر وہیکلز اینڈ سرٹیفکیشن سنٹر کے باہر روزانہ گاڑیوں کی طویل قطاریں لگنا معمول بن چکا ہے ، جس کے باعث شدید سردی کے موسم میں شہریوں کو گھنٹوں گاڑیوں میں یا کھلے آسمان تلے انتظار کرنا پڑتا ہے ۔ اس صورتحال سے بزرگوں، بچوں اور بیمار افراد کو سخت مشکلات کا سامنا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ سنٹر میں عملے کی کمی، غیر ضروری پیچیدگیوں اور سسٹم کی سست روی نے مسائل کو مزید بڑھا دیا ہے ، جبکہ بعض اوقات عملے کا نامناسب رویہ بھی عوامی پریشانی کا باعث بنتا ہے۔
ایک ہی نوعیت کے کام کے لیے شہریوں کو بار بار مختلف کاؤنٹرز کے چکر لگوانا پڑتے ہیں، جس سے ذہنی کوفت اور قیمتی وقت ضائع ہو رہا ہے ۔عوامی حلقوں کے مطابق مین شاہراہ پر گاڑیوں کی لمبی قطاروں کے باعث اکثر ٹریفک جام رہتا ہے اور حادثات کے خدشات میں بھی اضافہ ہو گیا ہے ، جس سے نہ صرف شہری بلکہ راہگیر بھی مشکلات کا شکار ہیں۔
شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ موٹر وہیکلز اینڈ سرٹیفکیشن سنٹر میں عملے کی تعداد بڑھائی جائے ، شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی اور بہتر سروس کو یقینی بنایا جائے ، سسٹم کو مزید مؤثر بنایا جائے اور قطاروں کے لیے مناسب انتظامات کیے جائیں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے اور ٹریفک کے مسائل میں کمی آئے ۔