ٹھیکریوالا: سکول کی دیوار کیساتھ لوگ مویشی باندھنے لگے
گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول چک 221 ر ب باڑے کا منظر پیش کرنے لگا بدبو اور گندگی پھیل رہی ،مکھیوں اور مچھروں کی افزائش بھی بڑھ گئی
ٹھیکریوالا(نمائندہ دنیا)گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول چک 221 ر ب کی دیواروں کے ساتھ لوگوں نے جانور باندھنا شروع کر دیئے ،سکول کی عمارت جانوروں کے باڑے کا منظر پیش کرنے لگی،جھنگ روڈ کے علاقہ منصور ملنگی روڈ پر واقع گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول چک 221 ر۔ب کی مرکزی اور اطراف کی دیواروں کے ساتھ مقامی افراد نے جانور باندھ رکھے ہیں،جس سے سکول کا ماحول شدید متاثر ہو رہا ہے ،اور یوں سکول کی عمارت عملی طور پر جانوروں کے باڑے کا منظر پیش کرنے لگی ہے ، جس سے طلبہ و طالبات کی تعلیم، صحت اور سکیورٹی کو سنگین خدشات لاحق ہیں،دوسری طرف جانور باندھنے سے نہ صرف بدبو اور گندگی پھیل رہی ہے بلکہ مکھیوں اور مچھروں کی افزائش بھی بڑھ گئی ہے ،سکول کے احاطے کے قریب جانوروں کے گوبر اور پیشاب کی وجہ سے صفائی کے مسائل جنم لے رہے ہیں،جو بچوں میں بیماریوں کے پھیلاؤ کا بھی سبب بن رہے ہیں۔