اشتہاریوں اور عدالتی مفروروں کیخلاف کریک ڈاؤن ، خصوصی ٹیمیں تشکیل ، خفیہ ایکشن ہو گا

 اشتہاریوں اور عدالتی مفروروں کیخلاف کریک ڈاؤن ، خصوصی ٹیمیں تشکیل ، خفیہ ایکشن ہو گا

ڈولفن ، ایلیٹ فورس اور مختلف برانچوں پر مشتمل ٹیمیں ملزموں کی موبائل فون لوکیشنز ،بینک اکاؤنٹس، شناختی کارڈز کو بھی مانیٹر کرینگی ، مقصد گرفتاریاں عمل میں لا کر جرائم کی شرح میں مزید کمی لانا ہے

فیصل آباد (عبدالباسط سے )ڈکیتی، چوری، راہزنی، قتل، اقدامِ قتل، اغواء برائے تاوان، بھتہ خوری، منشیات فروشی، جوئے اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث عدالتی مفرور اور اشتہاری ملز موں کی گرفتاری اور ان کے خلاف سخت قانونی کارروائیوں کیلئے پولیس نے جامع حکمتِ عملی تیار کر لی ہے ۔ خطرناک ملزموں کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر خفیہ کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی۔مقصد جرائم میں ملوث عناصر کو قانون کی گرفت میں لا کر جرائم کی شرح میں مزید کمی لانا ہے ۔ریجنل پولیس آفیسر سہیل اختر سکھیرا اور سٹی پولیس آفیسر صاحبزادہ بلال عمر کی ہدایات پر سی آئی اے ، ڈولفن فورس، ایلیٹ فورس اور ضلع پولیس سمیت مختلف برانچوں پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

ماضی میں اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے لیے زیادہ تر ان کے گھروں پر چھاپے اور موبائل فون ٹریسنگ تک محدود اقدامات کیے جاتے تھے ، تاہم یہ کارروائیاں مؤثر ثابت نہیں ہو پاتی تھیں۔حالیہ حکمتِ عملی کے تحت نہ صرف گھروں اور موبائل فون لوکیشنز کو مانیٹر کیا جائے گا بلکہ ملز موں کے بینک اکاؤنٹس، شناختی کارڈز اور دیگر ڈیجیٹل ریکارڈز کی مدد سے مختلف مقامات پر ان کی نقل و حرکت کا سراغ لگا کر ٹارگٹڈ کارروائیاں کی جائیں گی۔آر پی او اور سی پی او کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف پولیس بھرپور اقدامات کر رہی ہے ۔ پولیس حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ مشتبہ سرگرمیوں اور جرائم پیشہ عناصر کے بارے میں پولیس کو بروقت اطلاع دیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں