مدینہ ٹاؤن :بغیر منظوری کمرشلائزیشن پر 19 پلاٹ سر بمہر

 مدینہ ٹاؤن :بغیر منظوری کمرشلائزیشن پر 19 پلاٹ سر بمہر

ایف ڈی اے انفورسمنٹ ٹیم کی غیر قانونی تعمیرات اور دکانیں بنانے پر کارروائی

فیصل آباد(سٹی رپورٹر)ایف ڈی اے کے زیر کنٹرول رہائشی کالونیوں میں غیر قانونی کمرشلائزیشن کیخلاف بھرپور کریک ڈاؤن شروع کر دیا گیا ۔ اس سلسلے میں انفورسمنٹ ٹیم نے مدینہ ٹاؤن میں کارروائی کرتے ہوئے بغیر منظوری کمرشلائزیشن پر 19 پلاٹس کو سر بمہر کر دیا اور قصور والوں کیخلاف چالان سپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت کو بھجوا دیئے۔

ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ اسمامحسن کی زیر نگرانی سٹیٹ افیسر انیب اسلم رندھاوا کی سربراہی میں ٹیم نے مدینہ ٹاؤن میں مختلف جائیدادوں کو چیک کیا تو ایکس بلاک میں مختلف رقبہ جات کے 19 پلاٹس کی بلڈنگز میں غیر قانونی تعمیرات اور بلا منظوری دکانیں یا دیگر کاروباری عمارتیں بنائی گئی تھیں جس پر کارروائی کرکے انہیں سیل کر دیا گیا اور مالکان کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنی جائیدادوں کو باقاعدہ منظوری لیکراور طے شدہ واجبات ادا کرکے کاروباری مقاصد کیلئے استعمال کریں ورنہ انہیں بھاری جرمانوں کا بھی سامنا کرنا پڑے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں