ٹو بہ: 85 کلو مضر صحت گوشت تلف،غیر قانونی مذبح خانہ سیل

ٹو بہ: 85 کلو مضر صحت گوشت تلف،غیر قانونی مذبح خانہ سیل

پنجاب فوڈ اتھارٹی اور محکمہ لائیو سٹاک نے اڈا پھلور کے علاقے میں مشترکہ کارروائی کی

ٹو بہ ٹیک سنگھ،رجانہ (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نمائندہ دنیا) پنجاب فوڈ اتھارٹی اور محکمہ لائیو اسٹاک کے عملہ نے مضرِ صحت گوشت فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران اڈا پھلور کے علاقے میں قائم ایک غیر قانونی مذبح خانے کے خلاف مشترکہ کارروائی کی۔کارروائی کی نگرانی ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز پنجاب فوڈ اتھارٹی یاسر مشتاق اور ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو اسٹاک ڈاکٹر حنا ظفر نے کی۔ اس دوران ٹیم نے ایک بیمار جانور کا مضرِ صحت اور بدبودار گوشت فروخت کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ویٹرنری ڈاکٹر طلحہ زوہیب کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ گوشت انسانی استعمال کے لیے ناموزوں ہے ، موقع پر موجود 85 کلوگرام سے زائد مضرِ صحت اور بدبودار گوشت کو فوری طور پر تلف کر دیا گیا جبکہ پنجاب فوڈ اتھارٹی ایکٹ 2011 کے تحت مٹن شاپ کو سیل کر دیا گیا۔یاسر مشتاق نے واضح کیا کہ عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور ایسے عناصر کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائیگی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں