محمود اچکزئی کی قائد حزب اختلاف نامزدگی بہتر فیصلہ : بیرسٹر عمر

 محمود اچکزئی کی قائد حزب اختلاف نامزدگی بہتر فیصلہ : بیرسٹر عمر

سیاسی تناؤ میں کمی ہوگی، اپوزیشن مثبت کردار ادا کرے ، احتجاج پُرامن ہو تو اعتراض نہیں

فیصل آباد (سٹی رپورٹر)مسلم لیگ (ن) کے رہنما بیرسٹر عمر احمد منے خان نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی میں محمود اچکزئی کی قائد حزب اختلاف نامزدگی ایک بہتر فیصلہ ہے ، یقیناً اس میں نواز شریف کی مشاورت بھی شامل ہوگی ،امید ہے محمود اچکزئی اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی نہیں کریں گے اور نہ ہی بانی پی ٹی آئی کی خواہش کے مطابق کسی فساد کا حصہ بنیں گے کیونکہ وہ پی ٹی آئی کے اتحادی ہیں، جماعتی رکن نہیں۔بیرسٹر عمر احمد منے خان نے اپنے بیان میں کہا کہ سینیٹ میں متوقع اپوزیشن لیڈر راجہ ناصر عباس بھی فساد اور جلاؤ گھیراؤ کے حامی نہیں، امید ہے کہ وہ بھی مثبت کردار ادا کریں گے ،حکومت نے جو فیصلہ کیا ہے اس سے سیاسی تناؤ میں کمی آئے گی ۔انہوں نے اپوزیشن لیڈر کو مشورہ دیا کہ وہ پارلیمنٹ کے اندر رہتے ہوئے عوامی خدمت کے کام کریں ، اگر احتجاج پُرامن ہو تو کسی کو کوئی اعتراض نہیں ہوگا ،ملکی معیشت آہستہ آہستہ بہتر ہو رہی ہے ، ترسیلاتِ زر میں اضافہ ہو رہا ہے اور آج دنیا کا کوئی ایسا ملک نہیں جس سے پاکستان کے دوستانہ تعلقات نہ ہوں۔بیرسٹر عمر احمد منے خان نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کبھی اتنی مضبوط نہیں تھی جتنی آج ہے ، پاکستان کے امریکہ، چین، روس، سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ تعلقات مضبوط ہو رہے ہیں جو خوش آئند امر ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں