واقعہ معراج ایمان و عشقِ رسول ؐ کی عظیم مثال ہے : علمائے کرام
معراج النبی ؐ سیمینار سے مولانا شبیر عثمانی ، مولانا خلیل و دیگر کابھی خطاب
چناب نگر (نامہ نگار)علمائے کرام نے کہا ہے کہ تاریخِ عالم میں واقعہ معراج انتہائی خصوصیت کا حامل ہے ، یہ ایسا عظیم واقعہ ہے جس پر ایمان اور عشقِ رسول ؐ سے سرشار مسلمان بجا طور پر فخر کرتے ہیں کہ وہ اس عظیم المرتبت رسول ؐ کے امتی ہیں جنہیں ربِ کائنات نے حالتِ شعور میں زمینوں اور آسمانوں کی سیر کروائی، اس واقعہ کو عقل کی کسوٹی پر پرکھنے والے آج تک شش و پنج میں مبتلا ہو کر اس کی گتھیاں سلجھانے کی کوشش کر رہے ہیں، حالانکہ حقیقت یہی ہے کہ معجزہ وہی ہوتا ہے جو عقل سے بالاتر ہو اور معجزات کو عقل سے پرکھنا ہی بے عقلی کی نشانی ہے۔
ان خیالات کا اظہار مولانا شبیر احمد عثمانی ، مولانا خلیل احمد ،مولانا قاری سلمان عثمانی ، مولانا علامہ محمد قادری ،محمد حنیف مغل،مولانا قاری احسن رضوان ،قاری ابوبکر، قاری یوسف، قاری عبدالرحمن ، مولانا اسلم و دیگر نے مرکز ختم نبوت جامعہ عثمانیہ ختم نبوت چناب نگر میں منعقدہ سالانہ معراج النبیؐ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مقررین نے کہا کہ واقعہ معراج نبی کریم ؐ کا عظیم معجزہ ہے ۔ آپ ؐکی زندگی ہمارے لئے ایک مکمل آئیڈیل اور عملی نمونہ ہے ، جو ہمارے لئے مشعلِ راہ کی حیثیت رکھتی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ حضورؐ کی زندگی کا ہر پہلو ہمارے لئے باعثِ فخر ہے ، اگر ہم سنتِ رسولؐ کو زندہ کریں تو کفر کو شکست دی جا سکتی ہے ، اسلام پر عمل پیرا ہو کر مسلمان دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کر سکتا ہے ،مسلمانوں کو اتحاد کے ساتھ کفار کی سازشوں کا مقابلہ کرنا ہو گا، جس کیلئے فروعی اختلافات کو بالائے طاق رکھنا ناگزیر ہے۔