ڈی پی او چنیوٹ کی شہریوں کے مسائل فوری حل کرنیکی ہدایت
جرائم کے خاتمے کیلئے عوامی تعاون بے حد ضروری ہے : ڈاکٹر نوید عاطف
چنیوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق عوامی مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔ ڈی پی او چنیوٹ ڈاکٹر نوید عاطف نے اوپن ڈور پالیسی کے تحت شہریوں کے مسائل سنے ۔ڈی پی او نے موصول ہونے والی درخواستیں متعلقہ افسران کو مارک کرتے ہوئے ہدایت کی کہ مختص کردہ ٹائم کے اندر داد رسی کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے کمپلینٹ سیل کے افسران کو درخواستوں کا باقاعدہ فالو اپ لے کر رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈی پی او ڈاکٹر نوید عاطف نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق پبلک سروس ڈلیوری میں بہتری کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
ضلع بھر کے تمام تھانوں میں جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے شہریوں کی سہولت کیلئے متعدد اقدامات کئے گئے ہیں اور لوگوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ فیلڈ افسران کو واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ کسی بھی مسئلے کی صورت میں آنے والے شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں، ان کا مسئلہ جلد از جلد حل کریں اور بلاوجہ انتظار نہ کروایا جائے ۔ڈی پی او نے واضح کیا کہ دفاتر اور تھانہ جات میں کسی بھی شہری کی تضحیک ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ اگر کسی وجہ سے شہریوں کا مسئلہ تھانہ سطح پر حل نہ ہو تو وہ بلاجھجھک ڈی پی او آفس تشریف لائیں، ان کے مسائل کا حل یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے شہریوں کی سہولت کیلئے وٹس ایپ نمبر بھی متعارف کروایا ، جہاں شہری گھر بیٹھے کسی بھی شکایت کی صورت میں اپنی درخواست وٹس ایپ نمبر 0370-4022020 پر ارسال کر سکتے ہیں۔ڈی پی او ڈاکٹر نوید عاطف نے مزید کہا کہ جرائم کے خاتمے کیلئے عوامی تعاون بے حد ضروری ہے ۔