لوگ فیصلے میرٹ پر کرینگے تو تقدیر بدلے گی : طلال چودھری

لوگ فیصلے میرٹ پر کرینگے تو تقدیر بدلے گی : طلال چودھری

پنجاب ترقیاتی کاموں میں سب سے آگے ، ہم نے سیاست نہیں ریاست بچائی سوشل میڈیا پر رائے لکھتے ہوئے حقائق کا موازنہ ضرور کیا کریں:وزیر مملکت

گوجرہ،سمندری (نمائندگان دنیا)وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے کہ جب تک لوگ اپنے فیصلے تول کر اور میرٹ پر نہیں کریں گے اس وقت تک ان کی تقدیر نہیں بدلے گی ،پنجاب ترقیاتی کاموں میں اب دیگر صوبوں سے آگے ہے ، پنجاب میں کوڑا کرکٹ لوگوں کے گھروں سے اٹھایا جاتا ہے جبکہ کراچی، پشاور اور کوئٹہ میں ایسا نظام موجود نہیں۔ ڈجکوٹ روڈ پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے طلال چودھری نے مزید کہا کہ پنجاب میں کوئی کچے پکے کا ڈاکو نہیں، جو جرم کرتا ہے وہ انجام کو پہنچتا ہے، پنجاب کے ہر علاقے میں کارپٹ سڑکوں کا جال بچھ چکا جو دیگر صوبوں میں نظر نہیں آتا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں امن ہے، لوگ بے فکر ہو کر گھروں میں رہتے اور سفر کرتے ہیں، پنجاب میں تھانے نہیں بکتے اور قانون کی عملداری یقینی بنائی گئی ہے ۔وفاقی وزیر مملکت نے کہا کہ سوشل میڈیا پر اپنی رائے لکھتے ہوئے حقائق کا موازنہ ضرور کیا کریں، ہمیں جن حالات میں حکومت ملی وہ انتہائی خراب تھے ، مہنگائی عروج پر تھی مگر ہم نے اپنی سیاست نہیں بلکہ ریاست کو بچایا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو سے اڑھائی سال میں معاشی حالات میں نمایاں بہتری آئی اور آئندہ دنوں میں مزید بہتری آئے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ہمارے کام کو نعروں سے نہیں بلکہ کارکردگی کا موازنہ کر کے ووٹ دیں۔ علاوہ ازیں افتتاحی تقریب کے موقع پر چودھری شہباز بابر ایم این اے، راؤکاشف رحیم خاں ایم پی اے ،علی گوہر بلوچ ، سابق چیئرمین مارکیٹ کمیٹی محمد اسلم ،سابق تحصیل ناظم میاں عبدالرشید بھی موجود تھے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں