ڈی جی کا ایف ڈی اے کمپلیکس میں انسداد ڈینگی اقدامات کا جائزہ
آصف چودھری چھت، پارکنگ، دفاتر، سٹورز اور ون ونڈو انتظار گاہ میں بھی گئے
فیصل آباد (نیوز رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چودھری نے انسداد ڈینگی اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے ایف ڈی اے کمپلیکس کی عمارت کا تفصیلی معائنہ کیا۔ چیف انجینئر مہر ایوب، ڈائریکٹر آئی ٹی یاسر اعجاز چٹھہ و دیگر افسران ان کے ہمراہ تھے ۔ڈی جی ایف ڈی اے عمارت کی چھت پر بھی گئے جہاں صفائی ستھرائی کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ سٹاف کو ہدایت کی کہ ڈینگی لاروا کی روک تھام کیلئے تمام تر انتظامات برقرار رکھتے ہوئے چھت پر باقاعدگی سے صفائی کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ڈینگی لاروا کی افزائش کے ممکنہ ذرائع کا ہر صورت خاتمہ ہونا چاہیے اور کسی بھی جگہ پانی کھڑا نہ ہونے دیا جائے ۔ڈی جی ایف ڈی اے نے ایف ڈی اے کمپلیکس بلڈنگ کے اردگرد موجود جگہوں، پارکنگ ایریاز، سٹورز، مختلف دفاتر اور ون ونڈو انتظار گاہ کا بھی معائنہ کیا۔ اس موقع پر خصوصی طور پر پودوں کے گملوں، کیاریوں اور پانی کی ٹینکیوں کو چیک کیا گیا تاکہ انسداد ڈینگی سرویلنس میں کسی قسم کی کوتاہی نہ رہے ۔انہوں نے سٹاف کو ہدایت کی کہ مرکزی و ذیلی دفاتر میں سرویلنس کے ساتھ ساتھ پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیز کے منتظمین کو بھی انسداد ڈینگی کے حوالے سے متحرک رکھا جائے۔