عوام کو معیاری سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات جاری : عمر عباس
منصوبوں کیلئے ٹینڈرز جاری،10 کروڑ سے ٹیکو پارک کی بہتری کا منصوبہ شامل
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈپٹی کمشنر ٹو بہ ٹیک سنگھ عمر عباس میلہ نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں عوام کو معیاری تفریحی اور کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ضلع کونسل کی جانب سے مختلف مقامات پر عوامی نوعیت کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے ٹینڈرز جاری کر دیئے گئے ہیں۔ ٹو بہ ٹیک سنگھ شہر میں 10 کروڑ روپے کی لاگت سے ٹیکو پارک کی بہتری و بحالی کا منصوبہ شامل ہے۔
اسی طرح تحصیل کمالیہ میں ذیشان کالونی کے اسپورٹس ایرینا، پویلین اور پلے گراؤنڈ، جناح پارک کمالیہ کی بحالی، اور جوڈیشل کمپلیکس روڈ پیر محل کے قریب واقع فن لینڈ و چلڈرن پارک کی بحالی و بہتری کے منصوبے بھی شروع کئے جا رہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ نے کہا ان منصوبوں کی تکمیل سے شہریوں، بچوں اور نوجوانوں کو محفوظ، جدید اور بہتر تفریحی و کھیلوں کی سہولیات میسر آئیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام منصوبے شفافیت، معیار اور مقررہ مدت کو مدنظر رکھتے ہوئے مکمل کیے جائینگے تاکہ عوام کو دیرپا فائدہ پہنچ سکے۔