سمندری میں معیاری واکنگ ٹریک بنانے کا کام شروع
ویٹنگ شیڈ نصب ،کمشنر کاڈپٹی کمشنرکیپٹن (ر) ندیم ناصر کے ہمراہ سمندری کا دورہ ، ٹریک کا جائزہ ،وزیراعلیٰ نے تحصیل سطح پر ہارٹیکلچر ایجنسی کے قیام کی منظوری دیدی:راجہ جہانگیر
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)تحصیل سمندری کے عوام کیلئے شہر کے وسط میں کینال کے ساتھ 2 کلومیٹر ایریا کو معیاری واکنگ ٹریک بنایا جارہا ہے جس پر ویٹنگ شیڈ بھی نصب کردیا گیا جبکہ ٹریک کے اردگرد ٹف ٹائلز لگانے کا کام شروع کیا جارہا ہے جس سے شہریوں کو عمدہ تفریحی سہولت ملے گی۔کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے ڈویژن کی تحصیلوں کے دوروں کے سلسلہ کو آگے بڑھاتے ہوئے ڈپٹی کمشنرکیپٹن(ر)ندیم ناصر کے ہمراہ تحصیل سمندری کا دورہ کیا اور واکنگ ٹریک کا جائزہ لیا۔
کمشنر نے دو کلو میٹر ایریا کو گندگی سے پاک کرکے ٹریک بنانے کے اقدام پر تحصیل انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا اور باقی ماندہ کام بھی بلاتاخیر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔کمشنر نے تحصیل سمندری کی عوام کو ایک اور خوشخبری دیتے ہوئے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے تحصیل سطح پر ہارٹیکلچر ایجنسی کے قیام کی منظوری دے دی ، جلد ہی سمندری کی گرین بیلٹس اور پارک سرسبز و شاداب نظر آئیں گے۔ انہوں نے شہرکے داخلی راستہ پر گرین بیلٹس اور چوکوں کی تزئین وبحالی،پلانٹیشن کے جاری کاموں کا جائزہ لیا جبکہ شہر بھر کی صفائی،سٹریٹ لائٹس فعال،کروو سٹونز پینٹ،پارک میں تفریحی سہولیات کے موجود ہونے کو بھی چیک کیا۔
انہوں نے شہریوں کو میونسپل سروسز کی فراہمی پر بلاتعطل عمل جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال سمندری کا بھی دورہ کیا اور ہسپتال کیلئے مقامی رکن قومی اسمبلی اور فلاحی ادارے کی طرف سے 16 نئی ڈائیلاسز مشینوں کی فراہمی کے اقدام کو سراہا اور کہا کہ اضافی مشینوں کی بدولت گردہ کے مریضوں کو علاج کی تیزرفتار سروسز یقینی ہوگی۔انہوں نے وارڈز میں مریضوں کی عیادت کی اور ان سے ادویات ہسپتال سے ملنے کی تصدیق کی۔انہوں نے ہسپتال میں صفائی کے جملہ معیار کو سراہا اور یہی تسلسل برقرار رکھنے کی تاکید کی۔