زرعی یونیورسٹی کا ہاسٹلز میں منشیات سے پاک ماحول کے عنوان سے سیمینار

زرعی یونیورسٹی کا ہاسٹلز میں منشیات سے پاک ماحول کے عنوان سے سیمینار

بائیومیٹرک سسٹمز کے استعمال، سخت نگرانی کے نظام اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کے ذریعے ہاسٹلز میں نظم و ضبط اور سکیورٹی کو برقرار رکھنے پر زور ، آر پی او نے پولیس کے اقدامات پر روشنی ڈالی

فیصل آباد(نیوز رپورٹر )زرعی یونیورسٹی فیصل آباد نے نیشنل ہوسٹلز ایسوسی ایشن آف پاکستان اور ریجنل پولیس آفیسر کے اشتراک سے ہاسٹلز میں منشیات سے پاک ماحولکے عنوان سے سیمینار کا انعقاد کیا۔ یہ سیمینار وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی کی قیادت اور ویژن کے تحت منعقد کیا گیا، جس کا مقصد طلبہ کیلئے محفوظ، باوقار اور صحت مند رہائشی ماحول کو یقینی بنانا تھا۔ سیمینار میں سرکاری جامعات کے ہاسٹلز کے ساتھ ساتھ نجی ہاسٹلز، طلباء و طالبات اور ورکنگ ویمن کے ہاسٹلز کے مکینوں کی حفاظت اور منشیات کے خاتمے کیلئے مؤثر حکمتِ عملیوں پر روشنی ڈالی گئی۔

اس موقع پر بائیومیٹرک سسٹمز کے استعمال، سخت نگرانی کے نظام اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کے ذریعے ہاسٹلز میں نظم و ضبط اور سکیورٹی کو برقرار رکھنے پر زور دیا گیا۔ تقریب سے خطاب میں پروفیسر ڈاکٹر محمد انوارالحق، پرنسپل آفیسر (ہاسٹلز)چیف ہال وارڈن زرعی یونیورسٹی فیصل آباد نے بتایا کہ اس وقت تقریباً 9ہزار طلبہ یو اے ایف کے ہاسٹلز میں مقیم ہیں جنہیں ایک منظم انتظامی ڈھانچے کے تحت مؤثر انداز میں چلایا جا رہا ہے، جس میں ایسوسی ایٹ ہال وارڈنز، ڈپٹی ہال وارڈنز ، سپرنٹنڈنٹس، اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹس اور ہاسٹل منشی شامل ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ یو اے ایف کے ہاسٹلز میں طلبہ کو تمام ضروری سہولیات فراہم کی جاتی ہیں اور قوانین پر سختی سے عملدرآمد کیا جاتا ہے ۔

انہوں نے واضح کیا کہ ہاسٹلز میں قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی سے نمٹنے کیلئے شفاف اور مؤثر تادیبی نظام موجود ہے تاکہ طلبہ کو محفوظ اور منشیات سے پاک ماحول فراہم کیا جا سکے۔ ریجنل پولیس آفیسر فیصل آباد سہیل اختر سکھیر ا نے خطاب میں فیصل آباد پولیس کی جانب سے خصوصاً نوجوانوں میں منشیات کے سدباب کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے شرکاء کے سوالات کے جوابات بھی دیئے اور منشیات سے پاک معاشرے کے فروغ میں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد جیسے تعلیمی اداروں کے فعال کردار کو سراہا۔ سیمینار کے اختتام پر شرکاء میں اسناد تقسیم کی گئیں جبکہ ریجنل پولیس آفیسر فیصل آباد کو ان کی خدمات اور تعاون کے اعتراف میں پروفیسر ڈاکٹر محمد انوارالحق نے یادگاری شیلڈ پیش کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں