ریفرنڈم کے بینرز ، بورڈز اتارناقابل مذمت:میاں اعجاز
تشہیری مواد کو ہٹانا بدتہذیبی اور عوامی رائے کو بلڈوز کرنے کے مترادف ہے
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)امیدوار برائے چیئرمین یونین کونسل 106 اور مرکزی رہنما نیشنل لیبر فیڈریشن میاں اعجاز نے بلدیاتی ایکٹ کے حوالے سے جاری عوامی ریفرنڈم کے بینرز اور بورڈز اتارنے پر انتظامیہ کے رویّے کی سخت مذمت کی ہے ۔ انہوں نے کہا کسی کو جمہوری عمل میں رکاوٹ پیدا کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، عوامی ریفرنڈم کے تشہیری مواد کو ہٹانا بدتہذیبی اور عوامی رائے کو بلڈوز کرنے کے مترادف ہے ۔ عوامی ریفرنڈم آئینی اور جمہوری حق ہے جسکے ذریعے عوام اپنی رائے کا آزادانہ اظہار کرتے ہیں۔
ایسے اقدامات نا صرف اظہارِ رائے کی آزادی پر قدغن ہیں بلکہ سیاسی ماحول کو کشیدہ کرنے کا باعث بھی بنتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سیاسی جماعتوں کی پرامن اور قانونی سرگرمیوں کو روکنے کی کوشش حالات خراب کرنے کی جانب خطرناک قدم ہے ۔انہوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ مسائل پیدا کرنے سے باز رہے ، آئینی حدود میں رہتے ہوئے جمہوری سرگرمیوں کو سہولت فراہم کرے اور عوامی رائے کے احترام کو یقینی بنائے ۔ میاں اعجاز نے خبردار کیا کہ اگر سیاسی سرگرمیوں میں بلاجواز رکاوٹیں ڈالی گئیں تو اسکے منفی اثرات کی ذمہ داری حکام پر عائد ہوگی۔