جیتو فیصل آباد میگا شو میں ضلعی انتظامیہ کے ناقص انتظامات

جیتو فیصل آباد میگا شو میں ضلعی انتظامیہ کے ناقص انتظامات

شدید بد نظمی ،عوام کی بڑی تعداد قبل ازوقت سٹیڈیم میں داخل ، گیٹس ٹوٹ گئے

فیصل آباد (نیوز رپورٹر) ہاکی سٹڈیم میں منعقد ہ جیتو فیصل آباد میگا شو میں ہونے والی شدید بد نظمی نے ضلعی انتظامیہ کے ناقص انتظامات اور لا پرواہی کا پول کھول دیا ،تقریب شروع ہونے سے پہلے ہی عوام کی بڑی تعداد قبل از وقت کھولے گئے گیٹس سے سٹیڈیم میں داخل ہو گئی ، دھکم پیل میں سکیورٹی گیٹس بھی توڑ دیئے گئے ۔ پروگرام کے دوران خواتین سے کھینچا تانی و بچوں کی گمشدگی سمیت دیگر نا خوشگوار واقعات رونما ہوتے رہے ۔ سکیورٹی اداروں کی رپورٹ کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے سول ڈیفنس کے ہمراہ پیرا فورس کی ڈیوٹی لگائی اہلکار حاضر نہ ہوئے ، ٹریفک پولیس بھی سٹیڈیم کے گرد و نواح میں نظر نہ آئی ۔

طبی امدادی سرگرمیوں کیلئے ایمبولینس بھی فراہم کی گئیں تاہم پروگرام کے آغاز سے اختتام تک بد انتظامی کے واقعات ہوتے رہے جبکہ ضلعی انتظامیہ کا کوئی افسر و عملہ وقت پر نہ پہنچ پایا ۔ضلعی پولیس کو تاخیر سے بلوایا گیا ۔ 4 ایس پیز ، ڈی ایس پی ، اے ایس پی اور ایس ایچ اوز موقع پر پہنچ گئے اور افراتفری کو کافی حد تک کنٹرول کر لیا تاہم لیڈیز پولیس وقت پر نہ پہنچ سکی اور خواتین دھکم پیل کی شکایات کرتی رہیں ، اس دوران سٹیج پر پروگرام بلا تعطل جاری رکھا گیا ، تقریب میں 3 بچے بھی گم ہو گئے جنہیں مدینہ ٹاؤن پولیس نے ڈھونڈ کر والدین تک پہنچا دیا، پولیس ذرائع کے مطابق انتظامیہ نے رات گئے سکیورٹی آرڈر جاری کیا تھا جبکہ پولیس لائن میں اے لسٹ کا محکمانہ امتحان ہونے پر 2200 سے زائد اہلکار ضلعی نفری میں کم رہے تاہم پولیس افسروں کا کہنا تھا کہ بد نظمی کنٹرول میں کرتے ہوئے پروگرام کو بخیر و عافیت اختتام پذیر کروا دیا گیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں