ٹوبہ :ترقیاتی منصوبوں میں غیر ضروری تاخیر ، شہری اذیت کاشکار

ٹوبہ :ترقیاتی منصوبوں میں غیر ضروری تاخیر ، شہری اذیت کاشکار

جھنگ رجانہ انٹر چینج تک ڈبل روڈ کا منصوبہ سست روی کا شکار ،توڑپھوڑ حادثات کا سبب

ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )ٹوبہ ٹیک سنگھ میں جاری ترقیاتی منصوبوں میں غیر ضروری تاخیر نے شہریوں کو شدید اذیت میں مبتلا کر رکھا ہے اور معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں ،جھنگ روڈ انٹر چینج سے رجانہ انٹر چینج تک ڈبل روڈ کا منصوبہ سست روی کا شکار، جگہ جگہ ادھڑی ہوئی سڑک، مٹی کے ڈھیر اور غیر ہموار راستے نہ صرف ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں بلکہ آئے روز حادثات کا سبب بھی بن رہے ہیں، بارش کی صورت میں یہی راستے کیچڑ میں تبدیل ہو جاتے ہیں جبکہ خشک موسم میں گردوغبار سے سانس لینا بھی دشوار ہو جاتا ہے، سڑک کی مسلسل بندش سے دکانداروں کا کاروبار بری طرح متاثر ہو رہا ہے ،مین بازار کی بیوٹیفکیشن کا منصوبہ بھی تاخیر کا شکار ہے ، خوبصورتی کے نام پر بازار میں توڑ پھوڑ تو کر دی گئی مگر تکمیل نہ ہونے پرجگہ جگہ کھلے گڑھے ، ٹوٹا ہوا فرش اور بکھرا ہوا ملبہ شہریوں کے لیے مستقل خطرہ بنا ہوا ہے ، خواتین، بزرگ اور بچے خریداری کے دوران بار بار پھسلنے اور گرنے کے خدشات سے دوچار رہتے ہیں ۔شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں سے مطالبہ کیا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کی جائے اور شفاف نگرانی کو یقینی بنایا جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں