سموگ کے خاتمے کیلئے بڑا کریک ڈاؤن، تین بھٹے مسمار
بھوانہ (نمائندہ دنیا )تحصیل بھوانہ انتظامیہ اور محکمہ تحفظ ماحولیات نے سموگ کے خاتمے کے لیے بھٹہ خشت کے خلاف بھرپور کارروائی کی۔
آج اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر بھوانہ میڈم شینا اور ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ تحفظ ماحولیات ڈاکٹر حنا ستار کی قیادت میں تین غیر قانونی بھٹے مسمار کر دئیے گئے ۔کارروائی کے دوران حکام نے بتایا کہ یہ بھٹے طویل عرصے سے ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کر رہے تھے اور انہیں متعدد وارننگز جاری کی جا چکی تھیں۔ ڈاکٹر حنا ستار نے کہا کہ یہ بھٹے ہیبیچول وائلیٹرز تھے جن کے خلاف سیاسی دباؤ کے باعث کارروائی میں تاخیر ہوتی رہی، تاہم آج تمام رکاوٹوں کے باوجود قانون کے مطابق فیصلہ کن اقدام کیا گیا۔اسسٹنٹ کمشنر بھوانہ میڈم شینا نے واضح کیا کہ سموگ کے تدارک کے لیے کسی کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا اور آئندہ بھی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔شہریوں نے انتظامیہ کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ایسی کارروائیوں سے سموگ میں کمی اور صحت مند ماحول کے قیام میں مدد ملے گی۔