86 آئمہ کرام کو اعزازیہ کارڈز تقسیم، ماہانہ 25 ہزار ملیں گے
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) آئمہ کرام کی خدمات کے اعتراف میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت امام مساجد کے اعزاز میں میونسپل کارپوریشن ہال فیصل آباد میں ایک تقریب منعقد ہوئی، جس میں 86 آئمہ کرام کو اعزازیہ کارڈز فراہم کیے گئے ۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی رکن قومی اسمبلی راجہ دانیال تھے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ رضوان، طارق جانباز اور اسسٹنٹ کمشنر سٹی عادل عمر بھی موجود تھے ۔راجہ دانیال نے بتایا کہ ضلع فیصل آباد میں 2200 سے زائد امام مساجد کو ماہانہ اعزازیہ فراہم کیا جائے گا۔ حکومت پنجاب کے اس فلاحی پروگرام کے تحت رجسٹرڈ آئمہ کرام کو ماہانہ 25 ہزار روپے اعزازیہ دیا جائے گا، جو شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے براہِ راست ڈیجیٹل ادائیگی کے ذریعے فراہم کیا جائے گا۔ آئمہ کرام اپنے اعزازیہ کارڈ کے ذریعے اے ٹی ایم سے رقم بآسانی وصول کر سکیں گے ۔راجہ دانیال نے کہا کہ یہ اعزازیہ کارڈ امام مساجد کی خدمات کے اعتراف اور ان کی معاشی معاونت کے لیے ایک اہم قدم ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب عوامی خدمت اور سماجی بہبود کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر عملی جامہ پہنا رہی ہے ۔