گندم اور آٹا مہنگا عوام کو شدید مشکلات
ایک من گندم4850اور آٹے کی قیمت 155 روپے فی کلوگرام سے بھی تجاوز کرگئی،انتظامیہ نے قیمتیں کنٹرول کرنے کی بجائے خاموشی اختیار کر لی
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)ضلعی انتظامیہ اور محکمہ خوراک سمیت دیگر متعلقہ اداروں کی جانب سے ناجائز منافع خوروں کے سامنے مبینہ طور پر گھٹنے ٹیک لئے گئے ۔ گندم کی قیمت 4850 روپے فی من، جبکہ آٹے کی قیمت 155 روپے فی کلوگرام سے بھی تجاوز کرگئی۔ جس کی وجہ سے عام آدمی کو آٹے اور گندم کی خریداری میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ آٹے اور گندم کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کی بجائے انتظامیہ کی جانب سے خاموشی اختیار کرلی گئی۔ذرائع کے مطابق فیصل آباد سمیت پنجاب بھر کے دیگر اضلاع میں گزشتہ 2سال کے دوران محکمہ خوراک اور حکومت پنجاب کی جانب سے سرکاری سطح پر گندم کی خریداری نہیں کی گئی تھی۔
جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کی جانب سے بڑے پیمانے پر گندم کی خریداری کرتے ہوئے مبینہ طور پر بڑے ذخائر جمع کر لئے گئے اور مارکیٹ میں مبینہ قلت ظاہر کرتے ہوئے گندم اور آٹے کی قیمتوں میں من چاہا اضافہ کر دیا گیا۔ حالیہ دنوں میں ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کی جانب سے گندم کی قیمت میں ہوشربا اضافہ کرتے ہوئے اس کی قیمت 4850 روپے فی من سے بھی تجاوز کر گئی ہے ۔ فائن آٹے کے 15 کلوگرام تھیلے کی قیمت 2350 روپے تک جا پہنچی ہے ۔ شہریوں کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے آٹے اور گندم کی قیمتوں کو کنٹرول کرتے ہوئے نہ صرف انہیں درپیش مسائل کا خاتمہ کیا جائے ، بلکہ ناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائیاں بھی عمل میں لائی جائیں۔