اوور لوڈ گنے کی ٹرالیاں ٹریفک جام اور حادثات کا سبب بننے لگیں انتظامیہ پولیس کی خاموشی
ٹریفک قوانین کی سختی عام شہریوں تک محدود ،گنے سے لدی ٹرالیوں کی وجہ سے لو گوں کو شدید مشکلات کا سامنا ،سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ،متعدد بار ٹرالیاں الٹ جاتی ہیں ،انتظامیہ اقدامات نہیں کرتی:شہری
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)ٹریفک قوانین کی سختی عام شہریوں تک محدود رہ گئی ہے ، جبکہ جان لیوا حادثات کا سبب بننے والی اوور لوڈڈ گنے کی ٹرالیاں ٹریفک قوانین سے مبینہ طور پر مستثنیٰ ہیں۔ ضلعی انتظامیہ اور سٹی ٹریفک پولیس کی مبینہ غفلت کے باعث گنے سے لدی ٹرالیاں کرشنگ سیزن کے دوران ٹریفک جام اور حادثات کا سبب بن رہی ہیں۔کرشنگ سیزن میں جڑانوالہ، تاندلیانوالہ، جھنگ اور چنیوٹ کی بڑی شوگر ملز میں لاکھوں ٹن گنا لایا جاتا ہے ، جس کے لیے فیصل آباد میں ستیانہ روڈ، جڑانوالہ روڈ، ایکسپریس وے ، جھمرہ روڈ اور دیگر رہائشی علاقوں کی داخلی اور چھوٹی سڑکوں پر رات کے وقت ٹریفک کا گزرنا مشکل ہوجاتا ہے ۔
اوور لوڈڈ ٹرالیاں سڑک کے دونوں لینز پر قبضہ کر لیتی ہیں، اور ان کی اونچائی اور چوڑائی ٹرالی کی باڈی سے کئی فٹ باہر نکل جاتی ہے ۔ متعدد بار ٹرالیاں الٹ جاتی ہیں اور گنا کئی روز تک سڑک پر پڑا رہتا ہے ، جس سے ٹریفک کے بہاؤ میں شدید رکاوٹ پیدا ہوتی ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ہر سال ان ٹرالیوں کی وجہ سے درجنوں حادثات ہوتے ہیں، سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوتی ہیں اور ٹریفک جام ہوجاتا ہے ، مگر ضلعی انتظامیہ یا سٹی ٹریفک پولیس اس مسئلے کے حل کے لیے عملی اقدامات نہیں کرتی۔ کرشنگ سیزن شروع ہونے سے قبل میٹنگز میں انتظامی افسران اور سٹی ٹریفک پولیس کے اہلکار اوور لوڈ ٹرالیوں کو ریگولیٹ کرنے کے دعوے ضرور کرتے ہیں، لیکن عملدرآمد نہیں ہوتا۔