لائیوسٹاک افسروں کیلئے ای بز پنجاب پر جامع تربیتی سیشن
مقصد ڈیجیٹل گورننس کو مضبوط بنانا، عوامی خدمات تک رسائی کو بہتر بنانا :ڈاکٹر حیدر
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) ضلع فیصل آباد میں پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (PITB) کے تحت ای بز پنجاب (eBiz Punjab) اقدام کے حوالے سے محکمہ لائیوسٹاک کے ویٹرنری آفیسرز، سینئر ویٹرنری آفیسرز اور ایڈیشنل پرنسپل ویٹرنری آفیسرز کے لیے ایک جامع تربیتی سیشن منعقد کیا گیا۔تربیتی سیشن کی صدارت ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر حیدر علی خان نے کی، جبکہ ڈاکٹر روبینہ انجم ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک اور ڈاکٹر سہیل احمد انجم ڈپٹی ڈائریکٹر لائیوسٹاک بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
تربیت ڈاکٹر عبدالرزاق واہلہ، ماسٹر ٹرینر و فوکل پرسن ای بز ضلع فیصل آباد و بزنس فیسلیٹیشن سنٹر فیصل آباد نے فراہم کی۔ انہوں نے شرکاءکو ای بز پنجاب پلیٹ فارم کے ذریعے ڈیجیٹل بزنس رجسٹریشن، سروس ڈیلیوری کے طریقہ کار اور لائیوسٹاک سے وابستہ کاروباری افراد کی سہولت کاری کے مختلف پہلوؤں سے آگاہ کیا۔ڈائریکٹر لائیوسٹاک نے کہا کہ ای بز پنجاب اقدام کا مقصد ڈیجیٹل گورننس کو مضبوط بنانا، عوامی خدمات تک رسائی کو بہتر بنانا اور پنجاب بھر کی طرح ڈویژن فیصل آباد میں بھی لائیوسٹاک کے شعبے میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے ۔