صنعتکاروں کوسازگار ماحول کی فراہمی اولین ترجیح ہے :کمشنر
اپٹما ہاؤس کادورہ ، فیکٹری حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین میں رقوم تقسیم کمشنر اور ڈی سی کا باغ جناح میں سٹیٹ آف دی آرٹ پبلک لائبریری کاافتتاح
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت صنعتکاروں اور تاجروں کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی ڈویژنل انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ۔ انڈسٹریز کی شہر سے باہر منتقلی وقت کی شدید ضرورت ہے ، تاہم صنعتکاروں کی مشاورت کو بھی مقدم رکھا جائے گا ۔یہ بات انہوں نے اپٹما ہا¶س کا دورہ کرتے ہوئے پروسیسنگ یونٹس سے وابستہ صنعتکاروں سے ملاقات کے دوران کہی۔ اس موقع پر کمشنر نے ملک پور فیکٹری حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین میں صنعتکاروں کی جانب سے جمع کرائی گئی امدادی رقوم تقسیم کیں اور مرحومین کے لیے دعائے مغفرت کی۔
انہوں نے کہا کہ انسانی جانوں کا کوئی نعم البدل نہیں۔کمشنر نے ڈویژنل انتظامیہ کی تحریک پر ملک پور حادثے سے متاثر ہونے والے گھروں کی تعمیر میں حصہ ڈالنے والے صنعتکاروں کے فلاحی اقدامات کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے صنعتکاروں کو درپیش مسائل کے ازالے کی یقین دہانی کرائی ۔دریں اثنا کمشنرراجہ جہانگیر انور اور ڈپٹی کمشنرکیپٹن (ر)ندیم ناصر نے باغ جناح پرشکوہ پبلک لائبریری کا افتتاح کیا اور اپنی نوعیت کی مثالی لائبریری کے مختلف حصے ،بیٹھنے کے انتظامات اور کتب دیکھیں۔کمشنر نے شاندار لائبریری کے قیام پر ڈپٹی کمشنر کو شاباش دی اور کہا کہ نوجوانوں کو کتب بینی کے لئے باغ کے وسط میں پھولوں کی خوشبو،درختوں کے درمیان لائبریری کا قیام احسن اقدام ہے ۔