صنعتی آلودگی سے شہری شدید متاثر، محکمہ ماحولیات خاموش

صنعتی آلودگی سے شہری شدید متاثر، محکمہ ماحولیات خاموش

ٹھیکریوالا (نمائندہ دنیا )جھنگ روڈ، دھاندرہ اور سدھار میں قائم درجنوں صنعتی کارخانوں سے خارج ہونے والی آلودگی علاقے کے شہریوں کے لیے وبالِ جان بن گئی ہے ۔

 صنعتی کارخانوں میں ماحول دشمن ایندھن کے بے دریغ استعمال کے باعث فضا شدید آلودہ ہو گئی ہے ، جس کے نتیجے میں سانس لینا محال ہو گیا ہے ۔علاقہ مکینوں کے مطابق صنعتی کارخانوں سے خارج ہونے والی زہریلی گیسوں اور دھوئیں کی وجہ سے بچے ، بزرگ، طلبہ و طالبات سانس، دمہ، پھیپھڑوں اور جلدی امراض میں مبتلا ہو رہے ہیں، اور آلودگی کی شدت میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے ۔شہریوں نے بتایا کہ متعدد بار تحریری درخواستوں کے ذریعے محکمہ ماحولیات کو صورتحال سے آگاہ کیا گیا، تاہم محکمہ کی ٹیمیں مبینہ طور پر صرف ظاہری کارروائیاں کرتی ہیں اور آلودگی پھیلانے والے کارخانوں کے خلاف مؤثر قدم نہیں اٹھایا جاتا۔شہریوں نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور ماحولیات کے قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرنے والے صنعتی کارخانوں کے خلاف سخت اور مؤثر کاروائی کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ عوام کو اس اذیت ناک صورتحال سے نجات مل سکے اور صحت مند ماحول کی بحالی ممکن ہو۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں