جڑانوالہ:پولیو مہم کیلئے تربیتی اجلاس، گھر گھر ویکسی نیشن پر زور
مرض کے مکمل خاتمے کے لیے مربوط حکمت عملی اور عوامی تعاون ضروری:شہزاد رانا
جڑانوالہ (نمائندہ دنیا)ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی فیصل آباد کی ہدایت پر 2 فروری 2026 سے شروع ہونے والی قومی پولیو مہم کے سلسلے میں ایک تربیتی اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر شہزاد رانا نے کی، جس میں مختلف یونین کونسلز کے انچارجز، ہیلتھ ورکرز اور متعلقہ محکمہ جات کے نمائندگان نے بھرپور شرکت کی۔ڈی ڈی ایچ او شہزاد رانا نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیو جیسے موذی مرض کے مکمل خاتمے کے لیے مربوط حکمت عملی اور عوامی تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے ٹیم ممبران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں گھر گھر جا کر پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے عمل کو یقینی بنائیں تاکہ کوئی بچہ مہم سے محروم نہ رہ جائے ۔ڈاکٹر شہزاد رانا نے مزید کہا کہ ٹیمیں بھرپور جذبے کے ساتھ کام کریں اور تمام ریکارڈ درست اور مکمل رکھیں۔ اجلاس کے اختتام پر شرکاء کو پولیو ویکسین کے محفوظ استعمال، درپیش چیلنجز اور ان کے حل کے حوالے سے مفصل بریفنگ دی گئی۔ ڈی ڈی ایچ او نے امید ظاہر کی کہ اس بار کی مہم کامیابی سے ہمکنار ہوگی اور بچوں کو پولیو سے محفوظ رکھنے میں کامیابی حاصل ہوگی۔