دھواں چھوڑتی گاڑیاں ، آلودگی میں اضافہ، شہریوں کو مشکلات
محکمہ ماحولیات کی ناقص حکمت عملی،عدم توجہی کے باعث مسئلہ سنگین ہو تا جا رہا
چناب نگر (نامہ نگار)دھواں چھوڑتی گاڑیاں ماحولیاتی آلودگی میں اضافے کا باعث بن رہی ہیں جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ مسافر بسیں، ویگنیں اور دیگر پرانی گاڑیوں سے اٹھنے والا دھواں مین شاہراہوں پر بادلوں کی صورت چھایا رہتا ہے ، جس کے باعث شہریوں اور مسافروں کو سانس لینے میں دشواری پیش آ رہی ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ محکمہ ماحولیات کی ناقص حکمت عملی اور عدم توجہی کے باعث آلودگی کا مسئلہ روز بروز سنگین ہوتا جا رہا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کوئی مؤثر یا ٹھوس کارروائی عمل میں نہیں لائی جا رہی، جس کے نتیجے میں سانس، دمہ اور دیگر امراض میں مبتلا افراد کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔
شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور کمشنر فیصل آباد سے مطالبہ کیا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی کے مسئلے پر فوری نوٹس لیا جائے اور محکمہ ماحولیات کو اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کا پابند بنایا جائے ۔ محکمہ ماحولیات کی خاموشی اور عملی اقدامات نہ ہونے پر شہریوں میں شدید مایوسی پائی جاتی ہے۔عوامی حلقوں کا مطالبہ ہے کہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں کے خلاف بلا امتیاز سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔