آٹا و گندم مہنگی، ناجائز منافع خور بے لگام، انتظامیہ خاموش
آٹے کی قیمت 155 روپے فی کلوگرام سے بھی بڑھ گئی ، شہریوں کو مشکلات
چناب نگر (نامہ نگار )متعلقہ اداروں کی جانب سے مبینہ طور پر ناجائز منافع خوروں کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے گئے ہیں، جس کے باعث چناب نگر میں آٹا اور گندم عام آدمی کی پہنچ سے دور ہو چکے ہیں۔ گندم کی قیمت 4850 روپے فی من سے تجاوز کر گئی ہے ، جبکہ آٹے کی قیمت 155 روپے فی کلوگرام سے بھی بڑھ گئی، جس سے شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ذرائع کے مطابق انتظامیہ کی خاموشی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں نے بڑے پیمانے پر گندم کی خریداری کر کے مبینہ طور پر بھاری ذخائر جمع کر لیے ہیں اور مارکیٹ میں مصنوعی قلت پیدا کر کے آٹا اور گندم من مانی قیمتوں پر فروخت کی جا رہی ہے۔
حالیہ دنوں میں گندم کی قیمت میں ہوشربا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ، جبکہ فائن آٹے کے 15 کلوگرام تھیلے کی قیمت 2350 روپے تک جا پہنچی ہے ۔ قیمتوں میں اس بے قابو اضافے کے باعث غریب اور متوسط طبقہ شدید پریشانی میں مبتلا ہے ۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ آٹا اور گندم کی قیمتوں کو فوری طور پر کنٹرول کیا جائے ، عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ کیا جائے اور ناجائز منافع خوری و ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔