فیصل آباد کی تمام ملٹی سٹوری بلڈنگز میں فائر سیفٹی آلات لگانے کیلئے ایک ہفتے کی مہلت

 فیصل آباد کی تمام ملٹی سٹوری بلڈنگز میں فائر سیفٹی آلات لگانے کیلئے ایک ہفتے کی مہلت

مارکیز، ہوٹلز، ریسٹورنٹس، شاپنگ مالز، صنعتی یونٹس، ہاؤسنگ سوسائٹیز، پبلک دفاتر اور تعلیمی اداروں کو نوٹس بھجوانے اور آگ بجھانے والے آلات کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے : سول ڈیفنس اور ریسکیو کو ہدایات

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر فیصل آباد ڈویژنل انتظامیہ نے تمام ملٹی سٹوری بلڈنگز میں آگ بجھانے والے آلات نصب کرنے کے لیے ایک ہفتے کی مہلت دے دی ہے ۔ اس سلسلے میں سول ڈیفنس اور ریسکیو 1122 کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ مارکیز، ہوٹلز، ریسٹورنٹس، شاپنگ مالز، صنعتی یونٹس، ہاؤسنگ سوسائٹیز، پبلک دفاتر اور تعلیمی اداروں کو نوٹس بھجوانے اور آگ بجھانے والے آلات کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے ۔کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔

جس میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کے علاوہ ریسکیو 1122، انڈسٹریز، ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور دیگر محکموں کے افسر بھی موجود تھے ۔کمشنر نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے موک ایکسرسائزز کا انعقاد بھی کیا جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک ہفتے بعد وہ خود ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر کے ہمراہ فائر سیفٹی اقدامات کا جائزہ لیں گے اور عدم تعمیل کی صورت میں عمارت کو جرمانے کے ساتھ سیل کر دیا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں