ضلع جھنگ میں 14 ارب کے سیوریج منصوبے جاری، کمشنر
سیوریج منصوبوں کا جائزہ، پارک بحالی کا افتتاح، ڈی ایچ کیو ہسپتال کا بھی دورہ
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ مریم نواز کے احکامات پرتحصیل جھنگ میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت پونے 5 ارب روپے سے واسا کے زیراہتمام سیوریج کی اپ گریڈیشن وبحالی کے میگا پراجیکٹ پر تیزرفتار عملدرآمد جاری ہے جسکی بدولت شہر کی ساڑھے 6 لاکھ سے زائد آبادی اور 3 لاکھ گھروں کے سیوریج سے متعلقہ دیرینہ مسائل حل ہونگے۔علاوہ ازیں ضلع جھنگ میں 9ارب روپے سیوریج سسٹم کی بحالی پر خرچ کئے جارہے ہیں۔ یہ بات کمشنر فیصل آباد ڈویژن راجہ جہانگیر انور نے تحصیل جھنگ کے دورہ پر علی آباد میں زیر تعمیر ڈسپوزل سٹیشن کا دورہ کرتے کہی۔
ڈپٹی کمشنر جھنگ علی اکبر بھنڈر اور دیگر افسربھی موجود تھے۔ اس موقع پر کمشنرکو ایم ڈی واسا نے بتایا کہ شہر کے 400 کلومیٹر سیوریج نیٹ ورک کی بحالی اس منصوبہ میں شامل ہے ۔کمشنر نے کہا مشینری بروئے کارلاکر مون سون سے قبل یہ اہم منصوبہ مکمل اور ڈی سلٹنگ کی جائے ۔انہوں نے واسا کے قیام کے بعد سے عوامی شکایات کے حل پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا عوامی خدمت کا یہ تسلسل برقرار رکھا جائے جبکہ تحصیل جھنگ سیٹلائٹ ٹاؤن میں 30 کنال رقبہ پر سٹیٹ آف دی آرٹ مریم نواز فیملی پارک شہریوں کیلئے کھول دیا گیا۔
کمشنر نے دورہ پر پارک کی تزئین وبحالی کا افتتاح کیا اور تفریحی سہولیات کا جائزہ لیتے پارک کو وزیراعلی ٰ کاشہریوں کیلئے بڑا تحفہ قرار دیا۔کمشنر پارک میں تفریح کیلئے موجود افراد سے ملاقات بھی کی۔ کمشنر نے مرکزی قبرستان میں صفائی انتظامات چیک کئے اور ڈپٹی کمشنر سے کہا شہر کے پانچ بڑے قبرستانوں میں جنازگاہ، معیاری صفائی، چاردیواری، لائٹنگ کا انتظام کرایا جائے ۔کمشنر نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کا بھی دورہ کیا اور مریضوں سے ادویات ملنے بارے دریافت کیا۔انہوں نے واضح کیا کہ ڈویژن بھر میں ہسپتالوں کاکڑامعائنہ جاری یے جسکا مقصد مریضوں کو علاج معالجہ کی تیز رفتارسروسز بلاتعطل پہنچانا ہے ،وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ہسپتال میں تعداد بڑھاکر جلد 100 بیڈز کا اضافہ کردیا جائے گا۔