کمشنر کا اجلاس فیصل آباد ماسٹر پلان کے ڈرافٹ کا جائزہ
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ترقیاتی وژن کے تحت کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کی زیر صدارت ایف ڈی اے کمپلیکس میں اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں فیصل آباد ماسٹر پلان کے ڈرافٹ کا جائزہ لیا گیا۔
ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چودھری نے ماسٹر پلان کے پس منظر، تفصیلات، کی جانے والی سٹڈی اور تازہ ترین صورتحال سے اجلاس کو آگاہ کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر آصف چوہان، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند، چیف انجینئر مہر ایوب، اور ڈائریکٹرز اسما محسن، جنید حسن منج، یاسر اعجاز چٹھہ سمیت دیگر افسروں نے شرکت کی۔کمشنر نے ماسٹر پلان کے مختلف اہم پہلوؤں، زمینوں کے استعمال کی تقسیم کے زونز، پائیدار صنعتی، زرعی، تعلیمی، سماجی اور شہری ترقی کے لیے مستقبل کی ضروریات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی شہر کی منظم اور جدید ترقی کے لیے ماسٹر پلان ناگزیر ہے ، اور بے ہنگم شہری ترقی کو روکنے کے لیے فیصل آباد ماسٹر پلان اہم کردار ادا کرے گا۔راجہ جہانگیر انور نے کہا کہ فیصل آباد پاکستان کا تیسرا اور پنجاب کا دوسرا بڑا شہر ہے ، جس کی عالمی معیار کے مطابق ترقی کے لیے حکومت پنجاب کی خصوصی توجہ مرکوز ہے ۔