انسداد ڈینگی کے تدارک کیلئے سرویلنس سخت کرنے کا حکم
فیلڈ ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر لاروا کی نشاندہی اور فوری تلفی کو یقینی بنائیں، ڈی سی
ملتان (وقائع نگار خصوصی) حکومت پنجاب کی ہدایات پر ضلع ملتان میں ڈینگی کے تدارک کیلئے ضلعی انتظامیہ نے اقدامات تیز کر دیے ہیں۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ملتان محمد نعمان صدیق کی صدارت میں ضلعی محکموں کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈینگی سے بچاؤ کیلئے جاری اقدامات، سرویلنس اور ایس او پیز پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں محکمہ صحت سمیت تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے ہدایت کی کہ حساس علاقوں میں خصوصی ڈینگی سرویلنس کو مزید مؤثر بنایا جائے اور فیلڈ ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر لاروا کی نشاندہی اور فوری تلفی کو یقینی بنائیں۔