جھنگ:ڈپٹی کمشنر کے احکامات، صنعتی یونٹس میں فائر سیفٹی کا جائزہ
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )حالیہ آتشزدگی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیشِ نظر ڈپٹی کمشنر جھنگ کے احکامات کی روشنی میں ریسکیو 1122 سنٹرل اسٹیشن جھنگ میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس کی صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر سلطان محمود نے کی۔اجلاس میں ضلع بھر میں صنعتی یونٹس، ہائی رائز عمارتوں، ہسپتالوں اور ہوٹلز میں نصب بوائلرز کی رجسٹریشن، سالانہ انسپکشن اور مجموعی حفاظتی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ فائر سیفٹی میئرز، حفاظتی آلات کی دستیابی، ہائی رائز عمارتوں میں فائر ہائیڈرینٹس کے قیام اور آپریشنل کنڈیشن پر خصوصی توجہ دی گئی تاکہ کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے سے بچاؤ ممکن بنایا جا سکے ۔ڈسٹرکٹ آفیسر سول ڈیفنس شازیہ اور ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز رانا گلفام بھی اجلاس میں شریک ہوئے ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈپٹی کمشنر کی ہدایات کے مطابق ہر تحصیل اور مخصوص علاقوں میں سب کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی جو بوائلرز کی رجسٹریشن، حفاظتی معیار اور سالانہ معائنہ کی تصدیق کے لیے فیلڈ وزٹس کریں گی۔ غیر رجسٹرڈ یا غیر محفوظ بوائلرز کی نشاندہی کر کے متعلقہ قوانین کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی۔اجلاس کے بعد متعلقہ افسران نے مختلف صنعتی یونٹس کا دورہ بھی کیا اور وہاں بوائلرز کی حفاظتی صورتحال اور فائر سیفٹی انتظامات کا عملی جائزہ لیا۔