خٹک بیلٹ کا سپوت وطن پر قربان‘ صوبیدار محمد یوسف سپردِ خاک

 خٹک بیلٹ کا سپوت وطن پر قربان‘ صوبیدار محمد یوسف سپردِ خاک

پنجگور میں دہشتگردوں کیخلاف آپریشن کے دوران لڑتے ہوئے شہید ہوئے تھے فوج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی، شہید کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی

کالاباغ (نمائندہ دنیا) شہیدوں کی سرزمین خٹک بیلٹ نے ایک اور بہادر سپوت وطن پر قربان کر دیا۔ پاک فوج کے جوان صوبیدار محمد یوسف کو ان کے آبائی قبرستان چاپری میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کر دیا گیا۔ صوبیدار محمد یوسف گزشتہ روز بلوچستان کے علاقے پنجگور میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران دشمن سے بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر گئے تھے ۔ شہید کا جسدِ خاکی جب ان کے آبائی گاؤں پہنچا تو فضا سوگوار ہو گئی۔ شہریوں نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے اپنے ہیرو کا والہانہ استقبال کیا اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے ۔ نمازِ جنازہ میں پاک فوج کے اعلیٰ افسران، جوانوں، سول انتظامیہ، سیاسی و سماجی شخصیات اور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ نمازِ جنازہ کے بعد شہید کو ان کے آبائی قبرستان میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا گیا۔ اس موقع پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی اور شہید کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں