ڈاکٹرز کی غفلت‘آپریشن کے دوران نومولود کی گردن کٹ گئی

 ڈاکٹرز کی غفلت‘آپریشن کے دوران نومولود کی گردن کٹ گئی

آمنہ کو ڈی ایچ کیو ہسپتال میانوالی لایا گیا،کٹ گہرا لگنے سے بچے کی گردن پر گہرا زخم7 ٹانکے لگائے گئے ‘حالت تشویشناک‘ ڈی سی کا ہسپتال کا دورہ‘انکوائری کمیٹی قائم

میانوالی (نامہ نگار) ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میانوالی میں دورانِ ڈیلیوری مبینہ طبی غفلت کا ایک نہایت افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے جہاں آپریشن کے دوران نومولود بچے کی گردن کٹ گئی۔ واقعہ گزشتہ روز پیش آیا جب چکڑالہ سے آمنہ کو زچگی کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال لایا گیا۔ذرائع کے مطابق دورانِ آپریشن جب زچہ کے پیٹ پر کٹ لگایا جا رہا تھا تو مبینہ طور پر لاپرواہی کے باعث بچے کی گردن بھی کٹ گئی۔ نومولود کی گردن پر فوری طور پر سات ٹانکے لگائے گئے اور اسے تشویشناک حالت میں آئی سی یو منتقل کر دیا گیا، جہاں اس کی حالت بدستور نازک بتائی جا رہی ہے ۔

واقعے کے بعد ہسپتال میں شدید اضطراب کی فضا پیدا ہو گئی ،نومولود کے والد عباس اور والدہ آمنہ نے واقعے کو کھلی غفلت قرار دیتے ہوئے اعلیٰ حکام سے انصاف کا مطالبہ کیا ہے ۔ دریں اثنا ڈپٹی کمشنر میانوالی اسد عباس مگسی نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے اطلاع ملتے ہی رات گئے ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ کیا۔ انہوں نے نرسری میں زیرِ علاج نومولود کی عیادت کی اور محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام اور بچے کے والدین سے واقعے کی تفصیلات معلوم کیں۔ ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر سی ای او ہیلتھ نے محکمہ صحت کے افسران پر مشتمل تین رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے کر باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں