حافظ آباد : ڈپٹی کمشنر کا ٹراما سنٹر، مریم نواز ہیلتھ کلینک کا دورہ
مریضوں کو دستیاب علاج معالجہ کی سہولیات ،مفت ادویات کی فراہمی کا جائزہ
حافظ آباد (نمائندہ دُنیا ، نامہ نگار )ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق نے ٹراما سنٹر، مریم نواز ہیلتھ کلینک اور دیہات کا دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہسپتالوں میں مریضوں کو علاج معالجہ کی سہولیات،مفت ادویات کی فراہمی ، مختلف دیہات میں سیوریج ،نکاسی آب اور ڈرینج کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ٹراما سنٹر حافظ آباد کے دورہ کے دوران شعبہ ایمر جنسی ، سٹی سکین سیکشن سمیت دیگر شعبہ جا ت کا دورہ کر تے ہوئے وہاں مریضوں کو دستیاب علاج معالجہ کی سہولیات ،مفت ادویات کی فراہمی ، سٹاف کی حاضری ، صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔ قبل ازیں ڈپٹی کمشنر نے مریم نواز ہیلتھ کلینک ،بی ایچ یو چک بھٹی کا دورہ کیا ۔ جہاں انہوں نے مریضوں اوربالخصوص کم عمر بچوں اور خواتین کے علاج معالجہ کی سہولیات ،سٹاف کی حاضری ، ادویات کی دستیابی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے تحصیل پنڈی بھٹیاں کے گاؤں گڑھی گوندل کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے گاؤں میں نکاسی آب سیوریج کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے گاؤں کی نکاسی کی صورتحال کو بہتر بنانے کی یقین دہانی کر ائی ۔