گلبرگ:آتشزدگی پر سنگین خامیاں سامنے آگئیں

گلبرگ:آتشزدگی پر سنگین خامیاں سامنے آگئیں

ہوٹل میں بوائلر سے گیس لیکج آتشزدگی کا سبب بنی، آٹومیٹک فائر الارم سسٹم مکمل فعال نہیں تھا،ضرورت کے مطابق آگ بجھانے کے آلات بھی نہ تھے دستیاب فائر فائٹنگ آلات کی ریفلنگ بھی نہ کی گئی، ایس او پیز پر مکمل عمل نہیں کیا جا رہا تھا، ابتدائی تحقیقات مکمل، رپورٹس کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی جاری

لاہور (شیخ زین العابدین)گلبرگ کے انڈیگو ہوٹل میں آتشزدگی پر ابتدائی تحقیقات مکمل کر لی گئیں۔ایل ڈی اے ، سول ڈیفنس اور دیگر اداروں کی رپورٹس میں آگ لگنے کی بنیادی وجہ سامنے آ گئی ۔تحقیقات کے مطابق ہوٹل کے بوائلر سے گیس لیکج آتشزدگی کا سبب بنی۔ فائر سیفٹی انتظامات پر سنگین سوالات اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ہوٹل میں ایئرکنڈیشن اور ہیٹنگ کیلئے ایچ وی اے سی سسٹم نصب تھا، جو فلور بی ون میں قائم کیا گیا تھا۔ تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق ہوٹل انتظامیہ نے مبینہ طور پر سلنڈر نصب کررکھاتھا جس سے گیس لیکج پر بوائلر میں آگ بھڑک اٹھی۔ آگ لگنے کے بعد فائر سیفٹی انتظامات کی جانچ کی گئی تو متعدد سنگین خامیاں سامنے آئیں۔محکمہ سول ڈیفنس نے ہوٹل انتظامیہ کو دس ماہ قبل 24 اپریل اپریل کوفائر سیفٹی بارے نوٹس جاری کیاتھا، جس میں بلڈنگ میں ایمرجنسی راستے بہتر نہ ہونے کی نشاندہی کی گئی تھی۔

نوٹس کے مطابق بلڈنگ میں آٹومیٹک فائر الارم سسٹم مکمل فعال نہیں تھا۔ ضرورت کے مطابق آگ بجھانے کے آلات موجود نہ تھے جبکہ دستیاب فائر فائٹنگ آلات کی ریفلنگ بھی نہیں کی گئی تھی۔سول ڈیفنس نوٹس میں یہ بھی انکشاف کیا گیا کہ آگ لگنے کے حوالے سے آگاہی بورڈز آویزاں نہیں کیے گئے تھے ۔ہوٹل میں فائر سیفٹی کے ایس او پیز پر مکمل عمل نہیں کیا جا رہا تھا۔ایل ڈی اے حکام کے مطابق ہوٹل ایل ڈی اے کنٹرول ایریا میں واقع ہے اور اسکا معائنہ ہوچکاہے ۔ریسکیو بلڈنگ سیفٹی گریڈنگ کے مطابق یہ ہوٹل اے کیٹگری میں شامل تھا۔ایل ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ اے کیٹگری میں وہی بلڈنگز شامل کی جاتی ہیں جہاں فائر سیفٹی کے تمام ایس او پیز مکمل کیے گئے ہوں۔آتشزدگی واقعہ پر متعلقہ اداروں کی رپورٹس کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی کا عمل جاری ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں