گندم سمگلنگ کی رو کنے کیلئے بھکر انتظامیہ متحرک، کڑی مانیٹرنگ
گندم سمگلنگ کی رو کنے کیلئے بھکر انتظامیہ متحرک، کڑی مانیٹرنگ ڈپٹی کمشنر کی زیرصدارت اجلاس ‘ سمگلنگ برداشت نہیں کی جائیگی ‘احسان جمالی
بھکر (ڈسٹرکٹ رپورٹر) ڈپٹی کمشنر بھکر احسان علی جمالی کی زیرِ صدارت ضلعی انسدادِ سمگلنگ کے حوالے سے ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں گندم کی غیر قانونی ترسیل کی روک تھام کیلئے کیے گئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر احسان علی جمالی نے واضح ہدایات جاری کیں کہ گندم کی سمگلنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور اس غیر قانونی عمل کو روکنے کے لیے ہر ممکن اقدامات یقینی بنائے جائیں۔
انہوں نے بین الصوبائی چیک پوسٹس، دریائی چیک پوسٹس اور پتنوں پر مانیٹرنگ کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ان مقامات پر کڑی نگرانی سے سمگلنگ کی کوششوں کو ناکام بنایا جا سکتا ہے ۔ڈپٹی کمشنر نے پولیس کی پیٹرولنگ کو مربوط اور فعال بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام متعلقہ ادارے باہمی کوآرڈینیشن کو مزید مضبوط کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ صرف انہی گاڑیوں کو گندم کی نقل و حمل کی اجازت دی جائے گی جن کے پاس مستند اور تصدیق شدہ پرمٹس موجود ہوں گے ، جبکہ بغیر اجازت یا جعلی پرمٹس پر گندم کی ترسیل میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔