ملٹی لینگوئل ایجوکیشن پالیسی متعارف کروانے کا فیصلہ

ملٹی لینگوئل ایجوکیشن پالیسی متعارف کروانے کا فیصلہ

طلبا کو بہتر انداز میں سیکھنے ، سمجھنے اور اظہار کرنے میں مدد ملے گی، وزیر تعلیم سردار علی شاہ سے برطانوی کونسل کے وفد کی ملاقات،تدریسی معیار پرگفتگو

کراچی(این این آئی)محکمہ اسکول ایجوکیشن اینڈ لٹریسی سندھ کا سندھ میں زبان کو بطور مضمون پڑھانے کے لیے ملٹی لینگوئل ایجوکیشن پالیسی متعارف کروانے کا فیصلہ، جس کے لیے برٹش کونسل تکنیکی معاونت فراہم کرے گا۔اس ضمن میں وزیرِ تعلیم و ترقیِ معدنیات سندھ سید سردار علی شاہ سے برطانوی کونسل کے اعلی سطح وفد نے ملاقات کی، وفد کی قیادت برٹش کونسل جنوبی ایشیا کی ریجنل ڈائریکٹر ہیلن سلوسٹر نے کی۔ وفد میں برٹش کونسل پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر جیمز ہیمپسن اور EaSTE-II پروگرام کے مینجر و فوکل پرسن محمد عمر بھی شامل تھے ۔ جبکہ محکمہ اسکول ایجوکیشن سندھ کی جانب سے سیکریٹری اسکول ایجوکیشن زاہد علی عباسی اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

ملاقات کے دوران سندھ میں تعلیم کی بہتری، اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت اور تدریسی معیار کو مزید موثر بنانے کے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیرِ تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ نے اس موقع پر کہا کہ ملٹی لینگوئل ایجوکیشن پالیسی متعارف کروانے کے بعد زبان کو بطور مضمون پڑھانے کے لیے ایک معیاری اور یکساں تدریسی طریقہ کار وضع کیا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام کے ذریعے مختلف زبانیں بولنے والے طلبہ اپنی مادری زبان بولنے کے ساتھ ساتھ پڑھنے اور لکھنے کی بنیادی مہارتیں بھی موثر انداز میں حاصل کر سکیں گے ۔انہوں نے برٹش کونسل کی تکنیکی معاونت کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زبان کو بطور مضمون موثر انداز میں پڑھانا پیشہ ورانہ قابلیت اور تربیت کے بغیر ممکن نہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں