پانی چوری کے مقدمات کیلئے خصوصی ٹر بیونل قائم
چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس ظفر احمد راجپوت نے واٹر کارپوریشن کے خصوصی ٹربیونل کا افتتاح کیا،ہائیڈرنٹس سیل مینجمنٹ اور کمپلینٹ مینجمنٹ سینٹر کا دورہ پانی چوری کی روک تھام کے لیے تیز، مؤثر اور فیصلہ کن قانونی کارروائی ممکن ہو سکے گی،شہریوں کے حقوق کے تحفظ میں کسی سے رعایت نہیں ہوگی، میئر مرتضیٰ وہاب
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ حکومت نے کراچی میں پانی چوری کے خلاف ایک بڑا اور تاریخی اقدام کرتے ہوئے سخت اور موثر قانونی کارروائی کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔ اس سلسلے میں کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کو پانی چوری کے خاتمے کے لیے خصوصی اور مضبوط قانونی اختیارات تفویض کر دیے گئے ہیں، جن کے تحت زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملی طور پر عملدرآمد شروع ہو چکا ہے ۔ واٹر کارپوریشن کی جانب سے پانی چوری کے خلاف سخت اور تاریخی فیصلے نافذ کرتے ہوئے غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیوں کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ اسی ضمن میں کراچی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پانی چوری کے مقدمات کی فوری سماعت کے لیے واٹر کارپوریشن کا خصوصی ٹربیونل قائم کر دیا گیا ہے۔
پانی چوری کے خلاف قائم کیے گئے اس خصوصی ٹربیونل کا باضابطہ افتتاح چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس ظفر احمد راجپوت نے کیا۔ اس موقع پر میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب بھی چیف جسٹس کے ہمراہ موجود تھے ۔ افتتاحی تقریب میں سی ای او واٹر کارپوریشن احمد علی صدیقی، سی او او انجینئر اسداللہ خان، سی ایف او عمار علی خان، ٹربیونل کے جج منیر بخش بھٹو سمیت واٹر کارپوریشن کے دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ خصوصی ٹربیونل کی افتتاحی تقریب واٹر کارپوریشن کے مرکزی دفتر کارساز میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے بعد چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ اور میئر کراچی نے ہائیڈرنٹس سیل مینجمنٹ اور کمپلینٹ مینجمنٹ سینٹر کا دورہ کیا، جہاں سی ای او واٹر کارپوریشن احمد علی صدیقی نے انہیں نظامِ کار سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی اور پانی کی فراہمی، شہری شکایات کے ازالے اور غیر قانونی کنکشنز کے خلاف جاری اقدامات سے اعلیٰ حکام کو آگاہ کیا۔
اس موقع پر میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ واٹر کارپوریشن ایکٹ کے تحت قائم خصوصی ٹربیونل کو مکمل قانونی حیثیت حاصل ہے اور اس کے قیام سے پانی چوری کی روک تھام کے لیے تیز، مؤثر اور فیصلہ کن قانونی کارروائی ممکن ہو سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ پانی چوری سے متعلق مقدمات کو خصوصی ٹربیونل میں تیز رفتاری سے نمٹایا جائے گا تاکہ اس مکروہ عمل میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے ۔ میئر کراچی نے مزید کہا کہ پانی چوری کے خلاف خصوصی ٹربیونل کا قیام عوامی مفاد، شہریوں کے حقوق کے تحفظ اور قیمتی آبی وسائل کے تحفظ کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہے اور سندھ حکومت اس معاملے پر کسی قسم کی رعایت نہیں برتے گی۔