قلعہ سیالکوٹ کو واگزار کرانے کیلئے گرینڈ آپریشن
مشینری اور عملہ کیساتھ پیرا فورس بھی تعینات،6 مکانات مکمل منہدم ، 61دکانوں سے جزوی قبضے ختم کئے جا ئینگے ،خرچ تجاوزات کنند گان سے لیا جا ئیگا
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا ،ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی کی ہدایت پر تاریخی سیالکوٹ قلعہ کو ناجائز قابضین سے واگزار کرانے کیلئے گرینڈ آپریشن شروع کر دیا گیا ۔ میونسپل کارپوریشن کی جانب سے تجاوزات کے خلاف سخت اور مؤثر کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے جس میں پیرا فورس بھی شامل ہے تاکہ آپریشن کو مکمل سکیورٹی اور نظم و ضبط کے ساتھ انجام دیا جا سکے۔ چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن زبیر وٹو نے بتایا کہ قلعہ میں قائم تمام تجاوزات کی مارکنگ مکمل کر لی گئی ہے جبکہ تجاوزات کرنے والوں کو خود تجاوزات گرانے اور ہٹانے کیلئے نوٹسز جاری کر د ئیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آپریشن کے دوران ہیوی مشینری اور انسانی وسائل کے ساتھ پیرا فورس کی نفری بھی تعینات ہے ، میونسپل کارپوریشن کی جانب سے تجاوزات گرانے پر آنے والے تمام اخراجات قانون کے مطابق تجاوزات کرنے والوں سے وصول کئے جائیں گے ۔چیف آفیسر کے مطابق اس آپریشن کے دوران 6 مکانات مکمل طور پر منہدم کئے جائیں گے جبکہ 61 دکانداروں کی جانب سے کیے گئے جزوی قبضے بھی ختم کر د ئیے جائیں گے ۔