رمضان المبارک سے قبل 200 اشیاکی قیمتوں میں اضافہ
دالوں، گھی، سمیت مختلف زرعی اجناس ،کاسمیٹکس، سگریٹ،کراکری، جنرل اسٹور کی درجنوں آئٹمز 10فیصد تک مہنگی ،منافع خوروں و ذخیرہ اندوزوں کی چاندی ہو گئی
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ضلع میں موقع پرستوں نے رمضان المبارک کی آمد کے پیش نظر ابھی سے منافع خوری کی پلاننگ شروع کر دی اور عام استعمال کی 200سے زائد اشیاء کی قیمتوں میں 5 سے 8فیصد تک اضافہ کر دیا گیا ہے ، ضلعی حکومت کے مقررہ قیمتوں کے حالیہ نوٹیفکیشن پر عملدرآمد کے ساتھ ساتھ اشیاء کی قیمتوں میں بلاجواز اضافہ حکومتی رٹ سوالیہ نشان بن کر رہ گیا ہے ، دالوں، گھی، سمیت مختلف زرعی اجناس ،کاسمیٹکس، سگریٹ،کراکری، جنرل اسٹور کی درجنوں آئٹمز ودیگر نوعیت کی مختلف اشیاء کی قیمتوں میں دس فیصد تک اضافہ کر دیا گیا۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ اس حوالے سے سرگودھا میں چیک اینڈ بیلنس پہلے ہی مکمل طور پر مفلوج ہے ، جس کابھرپور فائدہ اٹھایا جا رہا ہے یہاں تک کہ کھانے پینے اور روزمرہ کے عام استعمال کی بعض اشیاء بھی ان میں شامل ہیں، جن کی من مرضی کی قیمتیں وصول کی جا رہی ہیں،اور منافع خوروں و ذخیرہ اندوزوں کی چاندی ہوئی ہے ، باعث تشویش امر یہ ہے کہ ضلعی حکومت نے اشیاء کی قیمتوں کا جو نوٹیفکیشن جاری کر رکھا ہے اس پر بھی عملدرآمد نہیں ہورہا ،دوکانداروں کا کہنا ہے کہ عام طور پر اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ مارچ کے مہینے سے شروع ہو جاتا ہے کیونکہ بجٹ آنا ہوتا ہے مگر اب کی مرتبہ رمضان المبارک کی آئندہ ماہ سے آمد کے پیش نظر اشیاء کی قیمتیں بڑھانے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے ہم مجبور ہیں دوکاندار کو جس قیمت پر چیز ملتی ہے اس پر مناسب منافع رکھ کر فروخت کرتا ہے ، مصنوعی مہنگائی کی اصل جڑ منافع خور مافیا ہے جسے کوئی پوچھنے والا نہیں جبکہ صارفین کا کہنا ہے کہ غریب کی تو ویسے ہی کمر ٹوٹ گئی ہے اور متوسط طبقہ بھی شدید متاثر نظر آ رہا ہے ، جبکہ انتظامیہ کو کم از کم ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی پر ہی قابو میں کرنے کی ضرورت ہے ۔