ڈی جی خان ـ:گرین پاکستان کے تحت نہر کنارے شجر کاری منصوبے کا افتتاح
منصوبہ 96یونین میل رقبے پر محیط ،مقصد سبزہ بڑھانا اور موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات کو کم کرنا،محکمہ جنگلات
ڈیرہ غازیخان(ڈسٹرکٹ رپورٹر)محکمہ جنگلات پنجاب کی جانب سے داجل کینال کے کنارے وسیع پیمانے پر شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔کنزرویٹر فاریسٹ ڈیرہ غازی خان سرکل محمد طارق نسیم نے ضلع راجن پور میں داجل کینال کے کنارے ارجن کے پودے لگا کر شجرکاری مہم کا افتتاح کیا۔یہ منصوبہ 96 یونین میل رقبے پر محیط ہے اور اس’’پنجاب میں لکیری شجرکاری‘‘کے عنوان سے نافذ کیا جا رہا ہے جس کا بنیادی مقصد نہری علاقوں میں سبزہ بڑھانا اور موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات کو کم کرنا ہے ۔ اس منصوبے کے تحت مختلف اقسام کے مقامی اور موزوں درخت لگائے جا رہے ہیں تاکہ شجرکاری کی پائیداری اور بقا کو یقینی بنایا جا سکے ۔یہ منصوبہ اپ سکیلڈ گرین پاکستان پروگرام کے دوسرے مرحلے کا تسلسل ہے جس کے تحت پہلے مرحلے میں تقریباً 50 یونین میل پر شجرکاری کی گئی تھی۔ اس شجرکاری کی بقا کی شرح 90 فیصد سے زائد رہی جبکہ اوسط اونچائی 20 فٹ سے زیادہ ریکارڈ کی گئی جو اس منصوبے کی کامیابی اور مؤثر منصوبہ بندی کا واضح ثبوت ہے ۔معائنے کے دوران یہ مشاہدہ کیا گیا کہ داجل کینال کے اطراف لکیری شجرکاری نے نہ صرف سبزے میں اضافہ کیا بلکہ کٹاؤ کی روک تھام، موسمی حالات میں بہتری اور قدرتی مناظر کے حسن میں اضافہ کا باعث بنی۔