میڈیکل انسٹیٹیوٹس کو ملازمین کی ترقی اور نئی تعیناتی کے حوالے سے خصوصی ہدایت جاری

 میڈیکل انسٹیٹیوٹس کو ملازمین کی ترقی  اور نئی تعیناتی کے حوالے سے خصوصی ہدایت جاری

قانونی چارہ جوئی کے کیسز سامنے آنے پر مراسلہ، سروس رول کے تحت عمل سے قبل سیکرٹری ہیلتھ کے علم میں لانا ضروری قرار

فیصل آباد (نیوز رپورٹر )سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے سرکاری ہسپتالوں اور میڈیکل یونیورسٹیوں کے مختلف شعبہ جات میں اسامیوں پر نئی تعیناتی اور پہلے سے موجود ملازمین کی ترقی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خصوصی ہدایات جاری کر دیں، سروس رول کے تحت عملدرآمد سے قبل سیکرٹری ہیلتھ کے علم میں لانا ضروری قرار دیدیا گیا ۔ اس حوالے سے فیصل آباد سمیت پنجاب بھر کی میڈیکل یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز و ڈینز اور دیگر میڈیکل انسٹیٹیوٹس کو ایگزیکٹو ڈائریکٹرز اور ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو مراسلہ جاری کر دیا گیا جسکے مطابق یہ فیصلہ میڈیکل کے اداروں میں براہ راست تعیناتیوں پر بعد ازاں ملازمین کی جانب سروسز سے متعلقہ شکایات اور اس حوالے سے عدالتوں کارروائیوں کو مد نظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

مراسلہ میں تمام اداروں کو پابند کیا گیا ہے کہ کسی بھی نئی تعیناتی اور ملازمین کو ترقی دینے سے قبل سیکرٹری ہیلتھ کو لیٹر لکھا جائے گا جس میں مندرجہ بالا محکمانہ عملدرآمد بارے تفصیلات فراہم کی جائینگی جسکے مطابق کسی بھی تعیناتی یا ترقی کیلئے سروس رول اور بجٹ بارے سیکرٹری ہیلتھ کو آگاہ رکھا جائے گا ۔ مراسلہ میں واضح کیا گیا ہے کہ طبی اداروں میں تعیناتیوں اور ترقی پر ایچ آر سسٹم کی جانب سے باقاعدہ طریقہ کار پر خاطر خواہ عمل نہیں کیا جا رہا جس سے ملازمین کی جانب سے محکمہ کیخلاف قانونی چارہ جوئی کے لا تعداد کیسز سامنے آرہے ہیں جس پرمحکمہ ہیلتھ نے ذمہ دارانہ عملدرآمد کی ہدایت کی ہے تا کہ منفی نتائج سے بچا جاسکے اورنئی تعیناتیوں وترقیوں کی شفافیت کو بہتر بنایا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں