ڈپٹی کمشنر چنیوٹ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کیلئے متحرک
کنٹریکٹرز کی ذمہ داری ہے ورکز کی جانوں کی حفاظت کے اقدامات کیے جائیں:گفتگو
چنیوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈپٹی کمشنر چنیوٹ عائشہ رضوان نے ضلع بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے مختلف وزارتی و محکماتی افسران کے ہمراہ چنیوٹ فیصل آباد ون وے روڈ اور نیو ڈسٹرکٹ کمپلیکس کا دورہ کیا۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل واثق عباس ہرل، ایکسین ہائی ویز، ایکسین بلڈنگ، کنٹریکٹرز اور دیگر متعلقہ افسر بھی موجود تھے ۔ ڈپٹی کمشنر نے جاری منصوبوں کی تفصیلی بریفنگ لی اور متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ کام کو سو فیصد حفاظتی انتظامات کے ساتھ انجام دیا جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ کنٹریکٹرز کی ذمہ داری ہے کہ ورکز کی جانوں کی حفاظت کے تمام اقدامات کیے جائیں۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے بیٹیفکیشن کے جاری کاموں کا جائزہ لینے کے لیے فرنیچر مارکیٹ کا دورہ کیا اور کام کی پیش رفت و معیار کی نگرانی کی۔ اس دوران ایڈمنسٹریٹر واثق عباس ہرل، سی او ایم سی مرزا مظفر بیگ اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔ ڈپٹی کمشنر نے منصوبوں کی تیز رفتار تکمیل اور معیار کو یقینی بنانے کے لیے ضروری احکامات جاری کیے۔