کھلے گٹر،سڑکوں پر کھدائی،تعمیراتی سامان کے ڈھیر :بیوٹیفکیشن آف گوجرانوالہ منصوبے میں تاخیر شہریوں کیلئے دردسر
توڑ پھوڑکے باعث آلودگی میں اضافہ،پائپ لائن کیلئے کھودے گڑھے بھرے نہ جا سکے ،پانی کی ڈرینج کیلئے بنائے گٹروں پر ڈھکن موجود نہیں ،شہریوں کو تشویش
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)بیو ٹیفکیشن آف گوجرانوالہ منصوبے میں تاخیر شہریوں کیلئے درد سر بن گئی ،سڑکوں کو کشادہ کرنے کیلئے کھدائی اور توڑ پھوڑکے باعث ہر طرف گردو غبار فضائی آلودگی میں اضافہ ہونے لگا ، مٹی ،اینٹوں اور دیگر تعمیراتی میٹریل ہونے کی وجہ سے سڑکیں تنگ ہو گئی ہیں جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے ،مین پائپ لائن ڈالنے کیلئے کھودے گڑھے مٹی سے دوبارہ بھرے نہ جا سکے جبکہ سڑکوں پر پانی کی ڈرینج کیلئے بنائے جانے والے گٹروں پر ڈھکن بھی موجود نہیں ہیں۔ میونسپل کارپوریشن کے زیر انتظام ایک ارب 20کروڑ روپے کی لاگت سے 5ماہ قبل کام کا آغاز کیا گیا ۔
گوجرانوالہ شہر کے اندرون علاقہ جس میں گھنٹہ گھر چوک سے ملحقہ بازار ،سیٹلائٹ ٹاؤن مارکیٹ ،منیر چوک سے فتو منڈ چوک ،ریکس سینما چوک سے سیٹلائٹ ٹاؤن مارکیٹ ،گورنمنٹ کالج بوائز کے اطراف میں ترقیاتی کام جاری ہیں ، سڑکوں کی کھدائی کو 5ماہ سے زائد کا عرصہ ہو چکا ہے ابھی تک کام مکمل نہ ہو سکا،جن جگہوں پر سڑکوں کی کھدائی کی گئی ہے وہاں تعلیمی ادرے بھی موجود ہیں ۔کالج اور سکول آنے جانے والے طالبعلموں کو مشکلات کا سامنا ہے جبکہ دفاتر جانے والے بھی شہری گرد وغبار سے متاثر ہو رہے ہیں۔سڑک پر تعمیراتی میٹریل ہونے کی وجہ سے ٹریفک گھنٹوں جام رہتی ہے ۔ اس کے علاوہ سڑکوں پر جمع ہو نے والے پانی کے ڈرینج کیلئے چھوٹے چھوٹے گٹر بنائے گئے ہیں جن پر ڈھکن ہی موجود نہیں جو کسی بڑے حادثہ کا سبب بن سکتے ہیں۔ کام میں سست روی کی وجہ سے کاروبار بھی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔شہریوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ترقیاتی کاموں کو جلد مکمل کیا جائے اور سڑکوں پر موجود تعمیراتی میٹریل کو بھی ہٹایا جائے ۔