حفاظتی اقدامات کے بغیر تعمیراتی کام شروع نہ کرنے کا حکم
مین ہول مسنگ ہونے پرمتعلقہ کالونی کو سیل کر کے این او سی منسوخ ہو گا:ایم ڈی واسا
فیصل آباد (نیوز رپورٹر)منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے خبردار کیا ہے کہ تمام تر حفاظتی اقدامات مکمل کیے بغیر کسی بھی تعمیراتی سائٹ پر کام شروع نہیں ہونے دیا جائے گا، جبکہ کسی پرائیویٹ ہاؤسنگ کالونی میں اگر مین ہول مسنگ پایا گیا تو متعلقہ کالونی کو سیل کر کے این او سی منسوخ کر دیا جائے گا۔ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی سکیموں کی سائٹس پر حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ جتنی کھدائی کی جائے اتنی ہی جگہ پر پائپ لائن بچھا کر بیک فلنگ مکمل کی جائے، اس کے بعد ہی اگلے حصے کی کھدائی کی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ترقیاتی سکیموں کی سائٹس پر رات کے وقت بھی کنٹریکٹر اور متعلقہ ڈائریکٹر کے نمائندے موجود ہونے چاہئیں، جبکہ کھدائی اور پائپ لائن بچھانے کے دوران متعلقہ ایریا کو ہر قسم کی آمدورفت کے لیے بند رکھا جائے ۔ایم ڈی واسا نے ہدایت کی کہ تمام پرائیویٹ ہاؤسنگ کالونیوں کے مین گیٹس پر نوٹسز آویزاں کیے جائیں جن میں واضح کیا جائے کہ کالونی کے اندر کسی بھی مین ہول کا کور مسنگ ہونے کی صورت میں کالونی کو سربمہر کر کے این او سی منسوخ کر دیا جائے گا، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ کالونی انتظامیہ پر عائد ہوگی۔