28 ٹیچنگ ہسپتالوں میں بڑھائی گئی پیتھا لو جسٹ ڈاکٹرز کی اسامیاں برسوں بعد بھی غیر فعال
2012میں ذیلی سیٹیں میڈیکل ٹیکنالوجسٹ، مائیکروبیالوجسٹ، بائیو کیمسٹ اور میڈیکل لیبارٹری ٹیکنالوجسٹ متعارف کروائی گئی تھیں
فیصل آباد (عاطف صدیق کاہلوں)حکومتِ کی جانب سے 28 میڈیکل ٹیچنگ ہسپتالوں کی لیبارٹریوں میں پیتھالوجسٹ ڈاکٹرز کی اسامیوں پر بڑھائی گئی تجدید شدہ سیٹیں برسوں گزرنے کے باوجود مکمل طور پر فعال نہ ہو سکیں۔ محکمہ صحت پنجاب نے چار سالہ طویل عدم توجہ کے بعد ایک بار پھر یاددہانی کرواتے ترمیم شدہ انفراسٹرکچر پر عملدرآمد کیلئے مراسلہ جاری کر دیا ۔2012 میں پیتھالوجی ڈیپارٹمنٹ سروس رولز کے تحت پیتھالوجسٹ کی ذیلی سیٹیں متعارف کروائی گئی تھیں ، اس ترمیم کے تحت ہسپتالوں کے پیتھالوجی ڈیپارٹمنٹ کی سروسز کو مزید مؤثر بنانے کے لیے 17ویں گریڈ کے ڈاکٹرز کی چار سیٹیں قائم کی گئیں، جن میں میڈیکل ٹیکنالوجسٹ، مائیکروبیالوجسٹ، بائیو کیمسٹ اور میڈیکل لیبارٹری ٹیکنالوجسٹ شامل ہیں۔
ان سیٹوں کو عملی طور پر فعال کرنے اور ڈیوٹی سٹرکچر کی اصلاح کے لیے 2021 میں وضاحتی مراسلہ بھی جاری کیا گیا،اب محکمہ صحت پنجاب نے پیتھالوجی کی تجدید شدہ سیٹوں کے سروس سٹرکچر میں تصحیح اور مکمل فعالیت کے لیے فیصل آباد کے الائیڈ ہسپتال ون اور ٹو سمیت لاہور، ملتان، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان، راولپنڈی، وزیرآباد، نارووال، گوجرانوالہ اور بہاولپور کے 28 میڈیکل ٹیچنگ ہسپتالوں کی انتظامیہ کو مراسلے جاری کر دئیے ہیں۔مراسلے میں ہدایت کی گئی تھی ڈاکٹرز کی مکمل تفصیلات پانچ روز کے اندر سیکرٹری ہیلتھ کو ارسال کی جائیں، تاہم تاحال یہ تفصیلات فراہم نہیں کی جا سکیں۔