تعمیراتی کام میں حادثہ پر متعلقہ محکمہ کا سربراہ ذمہ دار حفاظتی انتظامات پر سمجھوتہ نہ کرنے کا حکم
کمشنر کی زیر صدارت اجلاس، 7 روز میں حفاظتی انتظامات پر رپورٹ طلب ،سٹی روڈ اور کچہری بازار میں جاری بیوٹیفکیشن کاموں کا معائنہ ،ایکسیئن ہائی ویز کی غیر حاضری پر برہم،کارروائی کی ہدایت
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) لاہور بھاٹی گیٹ پر ہونے والے اندوہناک سانحہ کے پیش نظر کمشنر سرگودہا حافظ شوکت علی کے زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلا س میں چاروں اضلاع سرگودہا ، خوشاب ، میانوالی اور بھکر کے ڈپٹی کمشنر صاحبان ، ریجنل پولیس آفیسر سرگودہا ، تمام انتظامی اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔ کمشنر سرگودہا نے واضح کیا کہ کسی بھی حادثہ اورغفلت کی صورت میں کام کے متعلقہ محکمہ کاسربراہ ذمہ دار ہو گا۔ انہوں ایس او پیز کے مطابق 7 روز میں حفاظتی انتظامات پر رپورٹ طلب کر لی۔ انہوں نے تاکید کی کہ جہاں کہیں کام ہو رہے ہیں ان پر مانیٹرنگ سخت کر دی جائے ۔ مین ہول ، ڈھکن چوری کے واقعات سے نمٹنے کیلئے ریجنل پولیس آفیسر سرگودہا نے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
کمشنر سرگودہا نے واسا ، محکمہ آبپاشی ، لوکل گورنمنٹ اور ہائی ویز حکام کو بھی احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔ دریں اثنا کمشنر نے ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا کے ہمراہ سٹی بیوٹیفکیشن پروگرام کے تحت سٹی روڈ اور کچہری بازار میں جاری بیوٹیفکیشن کاموں کا معائنہ کیا۔ معائنے کے دوران ایکسیئن ہائی ویز کی غیر حاضری پر کمشنر نے برہمی کا اظہار کیا اور ضابطے کے مطابق کارروائی کی ہدایت جاری کی۔ کمشنر نے کنٹریکٹر کو تاکید کی کہ تعمیراتی سرگرمیوں کے دوران حفاظتی انتظامات پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور تمام کام معیار، رفتار اور حفاظت کے اصولوں کے مطابق مکمل کیے جائیں تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی یا جانی نقصان کا سامنا نہ کرنا پڑے۔