ٹریفک انتظامات اورشہریوں کی حفاظت یقینی بنانے کی ہدایت
زیر تعمیر عمارات پر قواعد وضوابط پر عملدرآمد،مین ہولز کورکریں،ڈی پی او
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اسماعیل کھاڑک کی زیر صدارت خانیوال میں اہم اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے مختلف امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس کے دوران سکول، کالجز اور یونیورسٹیز کے اوقات میں ٹریفک کے بہاؤ کو مؤثر انداز میں کنٹرول کرنے ، ہیلمٹ کے استعمال کو یقینی بنانے ، شہر بھر میں کھلے مین ہولز کی نشاندہی، زیر تعمیر عمارات پر حفاظتی اقدامات اور مناسب لائٹنگ کے انتظامات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ڈی پی او اسماعیل کھاڑک نے افسران کو ہدایت کی کہ متعلقہ محکموں کے ساتھ رابطہ رکھ کر کھلے مین ہولز فوری کور کیے جائیں اور زیر تعمیر عمارات پر حفاظتی اقدامات مکمل کیے جائیں۔