ڈی پی او وہاڑی کی کھلی کچہری، مسائل کے حل کیلئے احکامات
56 درخواستیں موصول ہوئیں،میرٹ پر انصاف کی فراہمی ترجیح،تصور اقبال
وہاڑی(خبرنگار ،نمائندہ خصوصی)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر تصور اقبال کی جانب سے عوامی شکایات اور مسائل کے حل کے لیے شکایات سیل میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ انہوں نے شہریوں کے مسائل اور شکایات خود سنیں اور متعدد درخواستوں پر موقع پر ہی متعلقہ افسروں کو فوری حل کے احکامات جاری کیے ، کھلی کچہری کے دوران مقدمات کی تفتیش، ملزموں کی گرفتاری، لڑائی جھگڑوں اور دیگر مختلف نوعیت کی مجموعی طور پر 56 درخواستیں موصول ہوئیں، ڈی پی او وہاڑی کے مطابق عوامی مسائل اور شکایات کے حل کے لیے ڈی پی او آفس وہاڑی میں روزانہ ایک بجے دن سے دو بجے دن تک کھلی کچہری کا انعقاد کیا جاتا ہے جہاں شہری بلا جھجک اپنے مسائل کے حل کے لیے تشریف لا سکتے ہیں، ڈی پی او وہاڑی تصور اقبال نے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد اوپن ڈور پالیسی کے تحت شہریوں کی پولیس تک براہ راست رسائی کو یقینی بنانا اور فوری طور پر میرٹ پر انصاف کی فراہمی ہے ۔