ماموں کانجن:کھلے مین ہول اور ٹوٹی سلیبیں سنگین خطرہ
سکول کے طلباء و طالبات اور چھوٹے بچوں کی زندگیوں کو شدید خطرہ
ماموں کانجن (نمائندہ دنیا)ماموں کانجن شہر میں متعدد مقامات پر کھلے مین ہول اور ٹوٹی سلیبیں انسانی زندگیوں کے لیے سنگین خطرہ بن چکی ہیں۔ شہریوں اور سماجی فلاحی تنظیموں نے ڈپٹی کمشنر فیصل آباد اور اے سی تاندلیانوالا سے فوری اصلاح و احوال کا مطالبہ کیا ہے تاکہ کسی بڑے حادثے سے قبل اقدامات کیے جائیں۔شہر کے سکولوں، مساجد اور دیگر عوامی مقامات جیسے سٹی گرائمر سکول 509 جی بی، جامع مسجد اہل حدیث، ووکیشنل ٹریننگ سینٹر اور عطا چوک میں مین ہول کے ڈھکن غائب اور سلیبیں ٹوٹی ہوئی ہیں۔
جس کے سبب ہر وقت انسانی جانوں خصوصاً سکول کے طلباء و طالبات اور چھوٹے بچوں کی زندگیوں کو شدید خطرہ لاحق ہے ۔میونسپل کمیٹی ماموں کانجن کی انتظامیہ کی لاپرواہی اور غفلت کے باعث یہ خطرات عرصہ دراز سے موجود ہیں، حالانکہ متعدد بار سی او اور اسسٹنٹ کمشنر تاندلیانوالا سے اصلاح کا مطالبہ کیا گیا، مگر عملی اقدامات نہ اٹھائے گئے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ میونسپل حکام شاید بڑے حادثے کا انتظار کر رہے ہیں۔